بالاکوٹ میں حادثہ کا شکار افراد کا قیمتی سامان لواحقین کے حوالہ کر دیا گیا

منگل 10 جون 2025 12:40

مانسہرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 جون2025ء) بالاکوٹ کے علاقہ ڈمگلہ کے مقام پر گذشتہ روز تیز رفتار پراڈو گاڑی کے افسوسناک حادثہ میں زخمی ہونے والے پانچ افراد جو پہلے مقامی ہسپتال میں داخل تھے، کو بہتر طبی امداد کی فراہمی کیلئے اسلام آباد شفٹ کر دیا گیا ہے۔ ایس ایچ او بالاکوٹ فہد شاہ اور ان کی ٹیم نے حادثہ کے مقام سے برآمد ہونے والا قیمتی سامان جن میں نقدی رقم 8 لاکھ 51 ہزار روپے، پانچ عدد قیمتی موبائل فون (آئی فون)، ایک عدد لائسنس یافتہ نائن ایم ایم ترکی ساختہ پستول اور کپڑوں کے بیگز شامل تھے، لواحقین کے حوالہ کر دیئے۔

بالاکوٹ پولیس کی اس امانت داری اور فرض شناسی پر ڈی پی او مانسہرہ شفیع اﷲ گنڈا پور نے عملہ کو بھرپور شاباش دی اور ان کی کارکردگی کو سراہا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مانسہرہ پولیس شہریوں کے جان و مال، تحفظ اور رہنمائی کیلئے ہمہ وقت کوشاں ہے۔ ڈی پی او مانسہرہ نے حادثہ کے تناظر میں شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ڈرائیونگ کے دوران تیز رفتاری، غفلت اور غیر محتاط رویہ سے گریز کریں، ٹریفک قوانین کی پابندی اور ذمہ دارانہ ڈرائیونگ نہ صرف اپنی بلکہ دوسروں کی جان بچانے کا ذریعہ بنتی ہے۔ لواحقین نے قیمتی سامان کی بحفاظت واپسی اور پولیس کے پیشہ ورانہ رویہ پر دلی اطمینان کا اظہار کیا اور مانسہرہ پولیس کا بھرپور الفاظ میں شکریہ ادا کیا۔