Live Updates

ایس سی او ٹیکنالوجی مقابلے ، پاکستانی محقق نے اے آئی منصوبہ پر دوسرا انعام جیت لیا

منگل 10 جون 2025 14:23

چھنگڈاو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 جون2025ء) پاکستانی محقق عائدہ عبد الواحد نے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او)کے چوتھے یوتھ انوویشن اینڈ انٹرپرینیورشپ مقابلے میں دوسرا انعام حاصل کر لیا، جہاں انہوں نے آٹھ رکن ممالک سے تعلق رکھنے والے 300 مندوبین کے سامنے اپنی ٹیم کا انقلابی اے آئی منصوبہ Z-UP پیش کیا۔گوادر پرو کے مطابق گوادر سے تعلق رکھنے والی عائدہ، جو اس وقت چائنا اوشن یونیورسٹی میں پی ایچ ڈی کر رہی ہیں، نے Z-UP منصوبہ پیش کیا، جسے AI-Internetاور Agentic-Webکے بنیادی ڈھانچے کے طور پر تیار کیا گیا ہے۔

اس کا مقصد منتشر مصنوعی ذہانت کے نظاموں کو ایک مربوط، ذہین نیٹ ورک میں تبدیل کرنا ہے۔ یہ اگلی نسل کی پیداواریت کے لیے ایک اشتراکی بی ٹو بی حولیاتی نظام تعمیر کرتا ہے، جس میں ادارہ جاتی سطح کی مشترکہ کمپیوٹنگ صلاحیتیں فراہم کی جاتی ہیں۔

(جاری ہے)

گوادر پرو کے مطابق انہوں نے اپنی پریزنٹیشن میںجی پی یوانفراسٹرکچر کی ورچوئلائزیشن میں اس منصوبے کی کامیابی کو اجاگر کیا، جو اے آئی اور میٹاورس ایپلیکیشنز کے لیے مشترکہ اعلی کارکردگی والی کمپیوٹنگ کو ممکن بناتا ہے۔

گوادر پرو کے مطابق عائدہ نے کہا چین میں میری تعلیمی جدوجہد نے عالمی جدت کے دروازے کھول دیے ہیں۔ انہوں نے اس کامیابی کا سہرا اپنی ٹیم کو دیا، جس کی بنیاد اے ٹی اینڈ ٹی لیبز (سابقہ بیل لیبز) کے محققین نے رکھی، اور جس نے ایم آئی ٹی، یونیورسٹی آف برٹش کولمبیا(یو بی سی )، یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی آف چائنا (یو ایس ٹی سی )، اور شنگھائی جیاو ٹونگ یونیورسٹی (ایس جے ٹی یو ) جیسے اعلی اداروں کے ساتھ تعاون کیا۔

انہوں نے مزید کہا یہ کامیابی پاکستان کی بڑھتی ہوئی ٹیکنالوجی صلاحیتوں کی عکاس ہے اور یہ ظاہر کرتی ہے کہ ہمارا نوجوان پائیدار ترقی کے حل میں قیادت کر سکتا ہے۔گوادر پرو کے مطابق اس مقابلے میں 200 سے زائد منصوبوں میں سے 12 فائنلسٹ منتخب کیے گئے، جن میں مصنوعی ذہانت، نئے مٹیریلز، اور اسمارٹ ٹیکنالوجیز شامل تھیں۔ چین کے ڈرون پر مبنی بغیر عملے والا ہوائی اڈہ پہلا انعام حاصل کرنے والا منصوبہ رہا، جبکہ 35 فیصد منتخب منصوبے سرحد پار ٹیموں پر مشتمل تھے، جو ایس سی او کی بین الاقوامی تعاون پر زور دینے کی پالیسی کو ظاہر کرتے ہیں۔

گوادر پرو کے مطابق عائدہ نے اپنا انعام پاکستان کے ابھرتے ہوئے سائنسدانوں، خاص طور پر گوادر سے تعلق رکھنے والی لڑکیوں کے نام کیا۔ انہوں نے کہا یہ پلیٹ فارم ثابت کرتا ہے کہ ہماری سوچ کو عالمی سطح پر اہمیت حاصل ہے۔ میں چاہتی ہوں کہ بلوچستان کا نوجوان(ایس ٹی ای ایم )سائنس، ٹیکنالوجی، انجینئرنگ، ریاضی میں کسی قسم کی کوئی حد نہیں۔گوادر پرو کے مطابق یہ تقریب ایس سی اوکے سال برائے پائیدار ترقی کے تحت منعقد ہوئی، جس میں پاکستان، چین، روس، ترکیہ، بھارت اور وسطی ایشیائی ریاستوں کے سرکاری حکام، کاروباری افراد، اور ٹیکنالوجی کے ماہرین شریک ہوئے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات