Live Updates

لائیوسٹاک کے شعبہ کو زرعی معیشت کے استحکام اور پائیدار ترقی کا کلیدی محرک تسلیم کیا گیا ہے،سیکرٹری لائیوسٹاک

منگل 10 جون 2025 22:07

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 جون2025ء) سیکرٹری محکمہ لائیوسٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ پنجاب ثاقب علی عطیل نے کہا ہے کہ اکنامک سروے 2024-25میں لائیوسٹاک شعبے کو زرعی معیشت کے استحکام اور پائیدار ترقی کا کلیدی محرک تسلیم کیا گیا ہے۔ مشکل معاشی حالات کے باوجود، مالی سال 2025 میں اس شعبے نے 4.72 فیصد شرح نمو حاصل کی، جو گزشتہ سال کی 4.38 فیصد شرح سے بہتر ہے، جبکہ زرعی پیداوار میں اس کا حصہ 63.60 فیصد اور مجموعی قومی پیداوار (جی ڈی پی) میں 14.97 فیصد رہا، جو دیہی معیشت میں اس کے کردار کی اہمیت کو ظاہر کرتا ہے۔

انہوں نے لائیوسٹاک سے وابستہ کسانوں، ویٹرنری پروفیشنلز اور فیلڈ افسران کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ لائیوسٹاک نہ صرف دیہی معیشت کی بنیاد ہے بلکہ خوراک کے تحفظ اور عوامی فلاح میں بھی کلیدی کردار ادا کر رہا ہےاور محکمہ جانوروں کی صحت، افزائشِ نسل اور دودھ و گوشت کی پیداوار میں بہتری کے لیے بھرپور کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔

(جاری ہے)

مالی سال 2025 میں پاکستان کی مجموعی جی ڈی پی میں 2.68 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس میں لائیوسٹاک شعبے کی مستحکم کارکردگی نے نمایاں کردار ادا کیا۔ محکمہ لائیوسٹاک پنجاب غذائی تحفظ، پائیدار ترقی اور کسان دوست پالیسیوں کے فروغ کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتا ہے اور تمام متعلقہ اداروں، تحقیقی مراکز، ماہرین اور کسان برادری کو قومی ترقی کے اس سفر میں مشترکہ جدوجہد کی دعوت دیتا ہے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات