شکارپور، سول سوسائٹی ،ورثا کا مغوی بچے کی بازیابی کیلئے دھرنا ،ڈی آئی جی لاڑکانہ اور ایس ایس پی کی بچے کو بحفاظت بازیاب کرانے کی یقین دہانی

منگل 10 جون 2025 21:10

شکارپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 جون2025ء) مغوی بچہ انس تھہیم تاحال بازیاب نہ ہو سکا، شکارپور کی سول سوسائٹی اور ورثا کی جانب سے زیرو پوائنٹ پر دو دنوں سے جاری دھرنے میں ڈی آئی جی لاڑکانہ اور ایس ایس پی پہنچے۔ بچے کی بازیابی کے لیے کوششیں جاری ہیں، ہمیں مہلت دیں، بچے کو بحفاظت بازیاب کروائیں گے۔ ڈی آئی جی کی یقین دہانی کے بعد دھرنا ختم کر دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق عید کے دوسرے روز شکارپور کے قصائی محلہ سے مسلح افراد کے ہاتھوں اغوا ہونے والے معصوم بچے انس تھہیم کی بازیابی کے لئے شکارپور کی سول سوسائٹی اور بچے کے ورثا کی جانب سے زیرو پوائنٹ، سکھر-شکارپور روڈ پر دو دنوں سے دھرنا دیا گیا تھا۔ اس دھرنے میں ڈی آئی جی لاڑکانہ ناصر آفتاب، ایس ایس پی شکارپور شاہزیب چاچڑ، چیئرمین ڈسٹرکٹ کونسل شکارپور سردار ذوالفقار خان کماریو، اور سردار مقبول احمد شیخ دھرنے میں پہنچے۔

(جاری ہے)

وہاں ڈی آئی جی لاڑکانہ ناصر آفتاب اور ایس ایس پی شکارپور شاہزیب چاچڑ نے دھرنے کی قیادت کرنے والے قاری مجیب الرحمان مدنی، مولانا مسعود احمد قادری، ایڈووکیٹ ظفر چنہ، اور بچے کے ورثا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ان شا اللہ جلد ہی انس تھہیم کو بحفاظت بازیاب کروا لیا جائے گا۔ ہمیں کچھ مہلت دی جائے، مجرموں کے خلاف کچے کے علاقے میں گھیرا جاری ہے، اور ان کی شناخت ہو چکی ہے۔

ڈی آئی جی نے کہا کہ مجھے بچے کے اغوا کا مکمل احساس ہے کیونکہ میں خود بھی بچوں والا ہوں، اور میں یہاں اس وقت تک موجود رہوں گا جب تک بچہ بحفاظت بازیاب نہ ہو جائے۔ ڈی آئی جی کی ایسی یقین دہانی کے بعد بچے کے ورثا اور سول سوسائٹی کی جانب سے دھرنا ختم کر دیا گیا۔ دھرنے کے خاتمے سے قبل جماعت اسلامی کے رہنما عبد السمیع بھٹی، مرکزی جماعت اہل سنت شکارپور کے رہنما صاحبزادہ فضل اللہ نورانی اور دیگر نے بھی شرکت کرکے ورثا سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے بچے کی فوری بازیابی کا مطالبہ کیا۔