Live Updates

ماحولیاتی تبدیلی پاکستان کی بقا ئکا مسئلہ ہے،ورلڈ بنک اور آئی ایف سی، اپنے کنٹری پارٹنر شپ فریم ورک کے تحت پاکستان کو اگلے دس سال میں 40 ارب ڈالر کے وسائل مہیا کریں گے،وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب

منگل 10 جون 2025 22:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 جون2025ء) وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ ماحولیاتی تبدیلی پاکستان کی بقاء کا مسئلہ ہے،ورلڈ بنک اور آئی ایف سی، اپنے کنٹری پارٹنر شپ فریم ورک کے تحت پاکستان کو اگلے دس سال میں 40 ارب ڈالر کے وسائل مہیا کریں گے۔منگل کو قومی اسمبلی میں بجٹ تقریر میں وفاقی وزیر خزانہ نے کہاکہ پاکستان ماحولیاتی تبدیلی سے سب سے زیادہ متاثرہ ممالک میں شامل ہے۔

ماحولیاتی تبدیلی کے منفی اثرات کا سد باب حکومت کی اہم ترجیحات میں سے ایک ہے۔ ماحولیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے بیش بہا وسائل کی ضرورت ہوتی ہے۔ اسی لیے حکومت نے گذشتہ سولہ (16) ماہ میں کلائمیٹ فنانس پر خصوصی توجہ دی ہے اور اس سلسلے میں نمایاں کامیابیاں بھی حاصل ہوئی ہیں۔

(جاری ہے)

ورلڈ بنک اور آئی ایف سی، اپنے کنٹری پارٹنر شپ فریم ورک کے تحت پاکستان کو اگلے دس سال میں 40 ارب ڈالر کے وسائل مہیا کریں گے۔

وزیر خزانہ نے کہاکہ ماحولیاتی تبدیلی سے نمٹنا اس فریم ورک کی اہم ترجیح ہے۔ اسی طر ح ایک سال کی انتھک محنت کے بعد IMF نے پاکستان کے لیے 1.4 ارب ڈالر کی Resilience and Sustainability Facility فراہم کی ہے۔ حکومت پاکستان نے پہلے گرین سکوک کا بھی اجراء کیا ہے۔ جس کے ذریعہ ماحولیاتی تبدیلی سے متعلقہ منصوبوں کے لیے مقامی مارکیٹ سے وسائل کی فراہمی ممکن ہوئی ہے۔ ان وسائل کی دستیابی پاکستان کو ماحولیاتی تبدیلی سے محفوظ بنانے میں مددگار ثابت ہوگی۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات