Live Updates

حکومت نے اقتصادی مشکلات، ملکی و عالمی چیلنجز کے باوجود آئندہ مالی سال کے لیے ایک متوازن، حقیقت پسندانہ اور عوامی فلاح پر مبنی بجٹ پیش کیا ،سردار نسیم

منگل 10 جون 2025 23:20

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 جون2025ء) مسلم لیگ (ن) راولپنڈی سٹی کے صدر سردار نسیم نے کہا ہے کہ حکومت نے اقتصادی مشکلات، ملکی و عالمی چیلنجز کے باوجود آئندہ مالی سال کے لیے ایک متوازن، حقیقت پسندانہ اور عوامی فلاح پر مبنی بجٹ پیش کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں ایسا بجٹ دینا حکومت کی کامیاب اقتصادی حکمت عملی کا مظہر ہے۔

اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے سردار نسیم نے کارپوریٹ ٹیکس اور سپر ٹیکس میں معقول کمی، تعمیراتی صنعت کے لیے مراعاتی پیکج، کم لاگت ہاؤسنگ کے لیے قرضوں اور مارگیج فنانسنگ کی سہولت، 10 مرلہ مکانات پر ٹیکس کریڈٹ جیسے اقدامات کو سراہا اور کہا کہ یہ اقدامات نہ صرف تعمیراتی شعبے کے فروغ کا سبب بنیں گے بلکہ عام شہریوں کو بھی ریلیف فراہم کریں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام کا بجٹ گزشتہ سال کے 3,792.2 ارب روپے سے بڑھا کر 4,223.8 ارب روپے کرنا ایک انتہائی مثبت پیش رفت ہے۔ اس اقدام سے ملک بھر میں ترقیاتی منصوبوں کو فروغ ملے گا اور روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔ پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات و ثقافت پنجاب شازیہ رضوان نے کہا ہے کہ حکومت نے آئندہ مالی سال کے لیے ایک جامع اور فلاحی بجٹ پیش کیا ہے جس میں تمام طبقات کا خیال رکھا گیا ہے، خصوصاً خواتین کی ترقی کے لیے متعدد اقدامات شامل کیے گئے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ بجٹ میں ہائر ایجوکیشن کمیشن کے منصوبوں کے لیے 39.5 ارب روپے کی خطیر رقم مختص کی گئی ہے جو ملک میں تعلیمی خلیج کو کم کرنے اور اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے لیے سنگ میل ثابت ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم، صحت، روزگار اور سماجی تحفظ جیسے شعبوں پر توجہ دے کر حکومت نے ثابت کر دیا ہے کہ اس کا اولین مقصد عوامی فلاح اور قومی ترقی ہے۔
Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات