برطانیہ کا دو سینیر اسرائیلی وزراء بن گویر اور سموٹریچ پر پابندیوں کا اعلان

بدھ 11 جون 2025 08:50

لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جون2025ء) برطانیہ نے اسرائیل کے وزیر سکیورٹی بن گویراور وزیر خزانہ بتسلیل سموٹریچ کے خلاف پابندیاں عائد کرنے کا اعلان کیا ہے، جن کی غزہ کے حوالے سے متنازعہ بیانات پر یہ قدم اٹھایا گیا ہے۔ ۔برطانوی اخبار دی ٹائمزنے بتایا ہے کہ برطانیہ کینیڈا، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ اور دیگر ممالک کے ہمراہ بن گویر اور سموٹریچ کے مالی اثاثے منجمد کرے گا اور ان پر ویزا پابندی بھی عائد کرے گا۔

(جاری ہے)

اس کا مطلب ہے کہ دونوں وزراء برطانیہ میں داخل نہیں ہو سکیں گے اور کوئی برطانوی مالی ادارہ ان سے کاروبار نہیں کرے گا۔واضح رہے برطانیہ کے وزیر خارجہ ڈیوڈ لیمی نے پہلے خبردار کیا تھا کہ بن گویراور سموٹریچ کے بیانات "خطرناک انتہا پسندی" کی نمائندگی کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاھو کی حکومت غزہ کے فلسطینیوں کو ان کے گھروں سے نکالنے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے اور انہیں محدود امداد تک محدود رکھے گی۔