ستھرا پنجاب مہم کو عملی جامہ پہنانے کے لیے جڑانوالہ میں عید قربان کے موقع پر شاندار اور منفرد صفائی کا انعقاد کیا گیا

بدھ 11 جون 2025 11:22

مکوآنہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جون2025ء)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر ستھرا پنجاب مہم کو عملی جامہ پہنانے کے لیے جڑانوالہ میں عید قربان کے موقع پر شاندار اور منفرد صفائی کا انعقاد کیا گیا۔ شہر کو چمکانے کے لیے نہ صرف روایتی طریقوں سے کام لیا گیا بلکہ سڑکوں کو دھو کر ماحول کو خوشگوار بنانے کی کوشش کی گئی۔تفصیلات کے مطابق، ضلعی انتظامیہ اور بلدیاتی اداروں نے مشترکہ طور پر عید کے موقع پر شہر کی صفائی کے نظام کو مثالی بنانے کا عزم کیا تھا۔

صفائی کارکنوں نے دن رات ایک کر کے نہ صرف قربانی کی باقیات اور دیگر آلائشوں کو فوری طور پر اٹھایا، بلکہ شہر کی مرکزی سڑکوں کو خصوصی طور پر عرق گلاب سے دھویا۔ اس اقدام سے نہ صرف گرد و غبار کا خاتمہ ہوا بلکہ پورے علاقے میں خوشبو بھی پھیل گئی۔

(جاری ہے)

عید کے مقدس موقع پر اپنی ذمہ داریاں نبھاتے ہوئے صفائی کارکنوں کی لگن اور محنت قابل ستائش رہی۔

ان کی بے لوث خدمات کے باعث جڑانوالہ شہر صاف ستھرا اور پرسکون ماحول میں عید منانے میں کامیاب رہا۔ شہریوں نے بھی ان گمنام ہیروزکی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے اقدامات سے نہ صرف شہر کی خوبصورتی میں اضافہ ہوتا ہے بلکہ صحت عامہ کے تحفظ میں بھی مدد ملتی ہے۔یہ تمام تر اقدامات وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ویژن ''ستھرا پنجاب کو عملی شکل دینے اور ان کی عید قربان پر صفائی کے خصوصی انتظامات کے حوالے سے جاری ہدایات کی براہ راست تعمیل میں کیے گئے ہیں۔ ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ صفائی مہم جاری رہے گی اور شہر کو ہر صورت صاف ستھرا رکھنے کے لیے ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔