عوام کی جانب سے انتظامیہ کے مختص کردہ مقامات پر قربانی کو ترجیح دینا خوش آئند ہے،ڈپٹی کمشنر سرگودہا

بدھ 11 جون 2025 12:27

سرگودہا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جون2025ء) ڈپٹی کمشنر سرگودہا کیپٹن (ر) محمد وسیم نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر شہر بھر میں مثالی صفائی کو یقینی بنانے پر شہریوں کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں نے قربانی کے جانوروں کی باقیات کو شاپرز میں محفوظ کر کے صفائی عملے کے حوالے کیا، جس سے نہ صرف صفائی کا معیار برقرار رہا بلکہ ماحولیاتی آلودگی سے بھی بچاؤ ممکن ہوا۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر کے مطابق عوام کی بڑی تعداد نے انتظامیہ کی جانب سے مختص کردہ مقامات پر قربانی کو ترجیح دی، جو ایک خوش آئند اقدام ہے۔ صفائی آپریشن کے دوران 13,893 ٹن آلائشیں ڈمپنگ سائٹس پر منتقل کی گئیں، جبکہ ہدف 12,269 ٹن تھا۔ ضلع بھر میں 831 مشینری استعمال کی گئی، 311 شکایات موصول ہوئیں جنہیں بروقت حل کیا گیا۔عید سے قبل تقریباً 2 لاکھ 90 ہزار 500 شاپنگ بیگ تقسیم کیے گئے اور 191 یونین کونسلوں میں خصوصی کیمپس قائم کیے گئے۔ ڈپٹی کمشنر نے امید ظاہر کی کہ عوام آئندہ بھی صفائی اور شہر کی بہتری کے لیے اسی جذبے کے ساتھ تعاون جاری رکھیں گے۔

متعلقہ عنوان :