ورکرز ویلفئر بورڈ کے تحت صوبے کے مختلف کارخانوں میں کام کرنے والے مزدوروں کو مفت حج پر بھیجنے کے لیے قرعہ اندازی

جمعرات 28 اگست 2025 19:45

ورکرز ویلفئر بورڈ کے تحت صوبے کے مختلف کارخانوں میں کام کرنے والے مزدوروں ..
․پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اگست2025ء)خیبر پختونخوا کے وزیر برائے محنت فضل شکورخان کی نگرانی میں ورکرز ویلفئر بورڈ کے تحت صوبے کے مختلف کارخانوں میں کام کرنے والے مزدوروں کو مفت حج پر بھیجنے کے لیے قرعہ اندازی کی تقریب کا انعقاد جمعرات کے روز ورکرز ویلفئر بورڈ پشاور میں ہوا۔ تقریب میں صوبائی وزیر فضل شکورخان کے ہمراہ سیکرٹری لیبر کیپٹن ریٹائرڈ میاں عادل اقبال، سیکرٹری ورکرز ویلفئر بورڈ شیر عالم خان، ڈائریکٹر لیبرعرفان خان، ڈائریکٹر ایڈمن سیف اللہ ظفر ، ڈپٹی ڈائریکٹر محمد شعیب قرعہ اندازی کمیٹی کے اراکین اور دیگر افسران نے شرکت کی قرعہ اندازی کے عمل کے دوران مجموعی طور پر 17 خوش نصیب افراد کے ناموں کی منظوری دی گئی، جن میں 15 مزدور اور ورکرز ویلفئر بورڈ کے 2 ملازمین شامل ہیں منتخب ہونے والے تمام افراد کے اخراجات ورکرز ویلفئر بورڈ برداشت کریگا اس موقع پر صوبائی وزیر محنت فضل شکورخان نے کہا کہ مزدوروں کی فلاح و بہبود کے لیے مفت حج سکیم ایک نمایاں اور تاریخی قدم ہے، جس کے ذریعے ہرسال محنت کش طبقے کو مذہبی فریضہ ادا کرنے کا سنہری موقع فراہم کیا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کی ترجیحات میں مزدور طبقے کی سماجی و مذہبی ضروریات کا خاص خیال رکھنا شامل ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ قرعہ اندازی کے پورے عمل میں مکمل شفافیت اور میرٹ کو یقینی بنایا گیا ہے تاکہ یہ سہولت صرف ان افراد تک پہنچ سکے جو واقعی اس کے حقدار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی مزدور دوست پالیسیوں کے تحت فلاحی اقدامات کاسلسلہ جاری ہے آخر میں صوبائی وزیر نے قرعہ اندازی کے ذریعے حج کیلییمنتخب ہونے والوں کو مبارکباد دی اور نیک تمناوں کا اظہار کیا۔

متعلقہ عنوان :