کھیل جسمانی صحت ، ذہنی نشوونما، نظم و ضبط، ٹیم ورک، قومی یکجہتی کے فروغ کے لیے ضروری ہیں ، غلام مرتضی معصومی

بدھ 11 جون 2025 17:36

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جون2025ء) کھیل نہ صرف جسمانی صحت کے لیے ناگزیر ہیں بلکہ یہ ذہنی نشوونما، نظم و ضبط، ٹیم ورک اور قومی یکجہتی کے فروغ میں بھی کلیدی کردار ادا کرتے ہیں ان خیالات کا اظہار چیئر مین نمبر دارن یونین پاکستان چوہدری غلام مرتضی معصومی نےبین الاقوامی یوم کھیل کے پرمسرت موقع پر منعقدہ ایک شاندار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے اس موقع پر مزید کہا کہ آج کے دور میں جب نوجوان نسل مختلف چیلنجز کا سامنا کر رہی ہے، کھیلوں کی سرگرمیاں انہیں مثبت سمت فراہم کر سکتی ہیں اور منفی رجحانات سے بچا سکتی ہیں۔ انہوں نے حکومت اور متعلقہ اداروں پر زور دیا کہ وہ کھیلوں کے میدانوں کی تعمیر، سہولیات کی فراہمی اور ٹیلنٹ کی تلاش میں مزید سرمایہ کاری کریں تاکہ ملک کے کونے کونے سے باصلاحیت کھلاڑی سامنے آ سکیں اور بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا نام روشن کر سکیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے حاضرین کو یاد دلایا کہ کھیل صرف ایک تفریح نہیں بلکہ یہ ایک صحت مند معاشرے کی بنیاد ہیں، اور اس کے ذریعے ہم ایک مضبوط اور متحرک قوم کی تشکیل کر سکتے ہیں۔ تقریب کے اختتام پر انہوں نے تمام کھلاڑیوں اور کھیلوں سے وابستہ افراد کو مبارکباد پیش کی اور امید ظاہر کی کہ آئندہ بھی ایسے ایونٹس کا انعقاد ہوتا رہے گا جو نوجوانوں کو کھیلوں کی جانب راغب کرنے میں معاون ثابت ہوں گے۔