Live Updates

بجٹ میں ٹیکس فراڈ میں ملوث افراد کو گرفتار کرنے کی تجویز

بدھ 11 جون 2025 17:38

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جون2025ء)وفاقی حکومت نے ٹیکس فراڈ پر گھیرا تنگ کرنے کا فیصلہ کرلیا، بجٹ میں ٹیکس فراڈ میں ملوث افراد کو گرفتار کرنے کی تجویز سامنے آگئی ہے۔وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے 17 ہزار 573 ارب روپے کا بجٹ 26-2025 پیش کردیا جس میں ٹیکس فراڈ میں ملوث افراد پر 10 سال قید اور ایک کروڑ روپے جرمانے کی تجویز دی گئی ہے۔

فنانس بل میں کہا گیا کہ ٹیکس فراڈ میں ملوث افراد پر دونوں سزائیں بھی لاگو کی جاسکیں گی جبکہ ٹیکس فراڈ میں ملوث افراد پر ٹیکس چوری کا 100 فیصد جرمانہ لاگو کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔بجٹ میں ٹیکس فراڈ کی معاونت کرنے والے افراد پر بھی سزا اور جرمانے کی تجویز دی گئی ہے، ٹیکس فراڈ کی معاونت پر 10 سال قید کی سزا کی تجویز شامل کی گئی ہے جب کہ ٹیکس فراڈ کی معاونت پر بھی ایک کروڑ روپے جرمانے کی تجویز ہے۔

(جاری ہے)

بجٹ میں تجویز دی گئی ہے کہ ٹیکس فراڈ کی معاونت پر دونوں سزاوں کا اطلاق بھی کیا جا سکتا ہے، ای بل جاری نہ کرنے پر آن لائن سروسز پر 50 ہزار روپے جرمانے کی تجویز ہے جب کہ ای بل کو ٹیمپر کرنے پر بھی ٹیکس چوری کی رقم وصول کرنے کی تجویز بھی شامل ہے۔فنانس بل کے مطابق ایف بی آر افسران کو سول کورٹ کے اختیارات دینے اور ایف بی آر افسران کو دوران تفتیش ٹیکس فراڈ میں ملوث افراد کو گرفتار کرنے کا اختیار دینے کی تجویز ہے۔

بجٹ میں کہا گیا کہ انکوائری افسر کمشنر کی منظوری کے بغیر بھی ٹیکس فراڈ میں ملوث افراد کو گرفتار کرسکے گا اور ٹیکس فراڈ میں ملوث کمپنی اور ڈائریکٹر کو بھی گرفتار کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔کہا گیاکہ ٹیکس فراڈ میں ملوث چیف ایگزیکٹو آفیسسر اور چیف فنانشل آفیسر کو بھی گرفتار کرنے اور گرفتار ملزمان کو 24 گھنٹوں میں اسپیشل جج کے سامنے پیش کرنے کی تجویز ہے۔فنانس بل کے مطابق ماہانہ ٹیکس اسٹیٹمنٹ جمع نہ کرانے پر ای کامرس پلیٹ فارم پر 5 لاکھ روپے جرمانے اور دوسری مرتبہ ڈیفالٹ کرنے پر 10 لاکھ روپے جرمانے کی تجویز ہے۔
Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات