گرمی کی شدت، مارگلہ کی پہاڑیوں میں ایک بار پھرآگ لگ گئی

آگ نے جنگل کی جھاڑیوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، آگ پر قابو پانے کیلئے فائرفائیٹرز کی ٹیمیں پہنچ گئیں جنہوں نے آگ بجھانے کا عمل شروع کر دیا، آگ نے پہاڑی سلسلے کے وسیع علاقے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا

Faisal Alvi فیصل علوی بدھ 11 جون 2025 15:22

گرمی کی شدت، مارگلہ کی پہاڑیوں میں ایک بار پھرآگ لگ گئی
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11جون 2025)وفاقی دارالحکومت اسلا م آباد میں گرمی کی شدت کے باعث مارگلہ کی پہاڑیوں میں آگ لگ گئی، آگ نے جنگل کی جھاڑیوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، آگ پر قابو پانے کیلئے فائرفائیٹرز کی ٹیمیں پہنچ گئیں جنہوں نے آگ بجھانے کا عمل شروع کر دیا ،وائلڈ لائف کے عملے نے فوری طور پر امدادی کارروائیاں شروع کر دی ہیں۔

آگ نے دیکھتے ہی دیکھتے پہاڑی سلسلے کے وسیع علاقے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ مارگلہ پہاڑیوں پر لگنے والی آگ کے شعلے دور سے واضح دکھائی دے رہے ہیں جبکہ ہوا کے باعث آگ تیزی سے پھیل رہی ہے۔ تاحال آگ لگنے کی وجوہات معلوم نہیں ہو سکیں۔ آگ کی کی شدت میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔اضافی عملہ بھی موقع پر پہنچ چکا ہے تاکہ آگ کو مزید پھیلنے سے روکا جا سکے۔

(جاری ہے)

فائر فائٹنگ ٹیمیں اور وائلڈ لائف کے اہلکار صورتحال پر قابو پانے کیلئے پوری کوشش کر رہے ہیں۔حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ علاقے سے دور رہیں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع دیں۔ واضح رہے کہ اس سے قبل بھی مارگلہ کی پہاڑیوں میں ایک بڑی آگ بھڑک اٹھی ہے جس نے جنگل کی جھاڑیوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا تھا۔ ترجمان وائلڈ لائف کے مطابق آگ ایم ایف 14 کے علاقے میں شروع ہوئی اور سیدپور درہ، جنگل نمبر 15 اور روملی کے قریب پھیلی تھی۔

سی ڈی اے کے فائر فائٹرز آگ بجھانے کیلئے کام کر رہے تھے۔بعدازاں اسلام آباد میں مارگلہ کی پہاڑیوں میں لگی آگ پر 24 سے زائد گھنٹوں کی کوششوں کے بعد قابو پالیا گیا تھا۔ آگ پر قابو پانے کیلئے ہیلی کاپٹرز استعمال کئے گئے تھے۔ سی ڈی اے کے مطابق 200 سے زائد فائر فائٹرز نے آگ بجھانے میں حصہ لیا تھا۔مارگلہ کی پہاڑیوں میں لگی آگ بجھانے کیلئے پاک بحریہ کی ٹیم بھی معاونت میں مصروف رہیں تھی۔

پاک بحریہ کی ٹیم اور 2 فائر ٹینڈرز آگ بجھانے کے عمل میں شامل تھے۔سی ڈی اے کاکہنا تھا کہ ڈی جی انوائرمنٹ نے خود آپریشن کی نگرانی کی، تیزہوا اور گرم موسم کی وجہ سے آگ پر قابو پانے میں مشکلات کا سامنا رہا  تھا۔وائلڈ لائف کے عملے نے فوری طور پر امدادی کارروائیاں شروع کر دی ہیں تاہم تیز ہواوں کے دباﺅکے باعث آگ پر قابو پانے میں مشکلات پیش آ ئیں تھیں۔ قبل ازیں بھی مار گلہ کی پہاڑیوں پر آگ لگ گئی تھی۔ رات گئے آگ پر جزوقتی قابو پالیا گیا تھا تاہم بعد ازاں آگ دوبارہ بھڑک اٹھی تھی۔