Live Updates

9 مئی مقدمات میں سزا یافتہ پی ٹی آئی رہنماؤں کا ریلیف ملنے تک روپوش رہنے کا فیصلہ

پیر 4 اگست 2025 23:04

9 مئی مقدمات میں سزا یافتہ پی ٹی آئی رہنماؤں کا ریلیف ملنے تک روپوش ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 اگست2025ء)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے حال ہی میں انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت (اے ٹی سی) سے سزا پانے والے رہنما عدالتوں سے ضمانتیں یا حکم امتناع ملنے تک روپوش رہیں گے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق پی ٹی آئی رہنماؤں (جن کی اکثریت خیبر پختونخوا میں ہی) نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ عدالتوں سے ریلیف ملنے کے بعد پارلیمانی اجلاسوں میں شرکت کریں گے۔

قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف عمر ایوب خان نے نجی ٹی وی کو بتایا کہ تمام قانونی راستے اختیار کیے جائیں گے تاکہ ریلیف حاصل کیا جا سکے، اور اس وقت تک وہ اور دیگر رہنما جیسے شبلی فراز، حامد رضا اور زرتاج گل وزیر قومی اسمبلی اور سینیٹ کے اجلاسوں میں شرکت نہیں کریں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میں نے اپنے وکیل بابر اعوان سے کہا ہے کہ وہ دستاویزات مکمل کریں اور مقدمہ دائر کریں، دیگر رہنما بھی ایسا ہی کریں گے۔

جب ان سے پوچھا گیا کہ ضمانتوں اور حکم امتناع کی درخواستیں کن عدالتوں میں دی جائیں گی تو عمر ایوب نے کہا کہ مختلف عدالتوں میں درخواستیں دائر کی جائیں گی، تاہم انہوں نے واضح کیا کہ وہ ضمانت ملنے تک عوام میں نہیں آئیں گے۔گزشتہ ہفتے عمر ایوب نے اسلام آباد یا سپریم کورٹ کے احاطے میں چیف جسٹس آف پاکستان سے اس خدشے کے پیش نظر ملاقات سے انکار کر دیا کہ ان کے خلاف جاری وارنٹس کی وجہ سے انہیں گرفتار کیا جا سکتا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ایم این اے عبد اللطیف نے پہلے ہی حکم امتناع حاصل کر لیا ہے اور دیگر رہنما بھی ایسا ہی کریں گے۔گزشتہ ہفتے پشاور ہائی کورٹ نے الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کو پی ٹی آئی کے ایم این اے عبد اللطیف کو ڈی نوٹیفائی کرنے اور ان کی نشست کو خالی قرار دینے سے روک دیا تھا۔جسٹس سید ارشد علی اور جسٹس ڈاکٹر خورشید اقبال پر مشتمل بینچ نے ای سی پی اور اسپیکر قومی اسمبلی سمیت دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے ان سے جواب طلب کیا۔

یہ نوٹس ایم این اے عبد اللطیف کی جانب سے دائر درخواست پر جاری کیا گیا، جس میں انہوں نے ای سی پی کے انہیں نااہل قرار دینے اور 29 جولائی 2025 کو ان کی نشست خالی کرنے کے نوٹی فکیشن کو چیلنج کیا تھا، عدالت نے سماعت کی اگلی تاریخ 20 اگست مقرر کی ہے۔عمر ایوب خان اور دیگر پی ٹی آئی رہنما، جنہیں 9 مئی کے فسادات میں ملوث ہونے پر 10 سال قید کی سزا سنائی گئی ہے، اسی قسم کا ریلیف حاصل کرنے کی امید رکھتے ہیں۔

یاد رہے کہ 9 مئی 2023 کو پی ٹی آئی کے حامیوں نے پارٹی بانی عمران خان کی گرفتاری کے خلاف ملک بھر میں پرتشدد احتجاج کیا تھا، جس میں عسکری تنصیبات اور سرکاری عمارتوں کو نقصان پہنچایا گیا۔فسادات کے بعد ہزاروں مظاہرین (جن میں پی ٹی آئی رہنما بھی شامل تھی) کو گرفتار کیا گیا۔185 پی ٹی آئی کارکنان میں سے 108 کو عدالت نے سزا سنائی ہے، پی ٹی آئی کے ایم پی اے جنید افضل ساہی کو 3 سال قید کی سزا دی گئی ہے، جب کہ ایم پی اے خیال احمد کاسترو، ایم این اے زین قریشی اور سابق رہنما فواد چوہدری کو مقدمات سے بری کر دیا گیا ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات