پاک ایران گیس پائپ لائن پیچیدہ معاملہ ہے، عالمی قوانین کے مطابق حل نکالیں گے

مناسب نہیں کہ برادرممالک کا معاملہ عالمی عدالت میں جائے، یقینا ایران نے سرحد تک لائن بچھانے کیلئے سرمایہ کاری کی ہے، لیکن وہاں بہت سے ایرانی شہر بھی آباد ہیں، جنہیں ایران نے گیس مہیا کرنی ہی تھی۔ وفاقی وزیرعلی پرویز ملک

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 4 اگست 2025 22:53

پاک ایران گیس پائپ لائن پیچیدہ معاملہ ہے، عالمی قوانین کے مطابق حل ..
اسلام آباد ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی پی اے ۔ 04 اگست 2025ء ) وفاقی وزیر برائے پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ پاک ایران گیس پائپ لائن پیچیدہ معاملہ ہے، عالمی قوانین کے مطابق حل نکالیں گے،مناسب نہیں کہ برادر ممالک کا معاملہ عالمی عدالت میں جائے ، یقینا ایران نے سرحد تک لائن بچھانے کیلئے سرمایہ کاری کی ہے، لیکن وہاں بہت سے ایرانی شہر بھی آباد ہیں، جنہیں ایران نے گیس مہیا کرنی ہی تھی۔

انہوں نے جیو نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گیس کے کنکشنز پر اچھی خبر ہے کہ وزیراعظم نے واضح ہدایت کی ہے کہ امپورٹڈ ایندھن جو وافر مقدار میں موجود ہے، اس کی بناء پر اگر گیس کے نئے کنکشن دینے ہیں تو بالکل دیں، ہم نے سمری کابینہ کی انرجی کمیٹی کو بھیج ہے، جیسے ہی اس کی منظوری ہوگی تونئے کنکشن پر پابندی ختم کردیں گے، جس سے لوگوں کو ایل پی جی سلنڈر سے چھٹکارا مل جائے گا۔

(جاری ہے)

آرایل این جی آج بھی ساڑھے تین ہزار کے اوپر بھی ایل پی جی سے 30فیصد سستی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی ایشو پر سنسنی پھیلانا آسان ہوتا ہے لیکن حکومت میں ایک ذمہ دارعہدے پر بیٹھتے ہیں تو یہ ایک کانٹوں کی سیج ہوتی ہے۔اوگرا نے اپنی ریونیو ضروریات نکالی ہیں، جس کے تحت 240ارب روپے کی ڈائیورژن ہے،جو مسائل کی وجہ سے پاور لفٹ نہیں کررہا۔1800روپے کے اوپرفی ایم ایم بی ٹی یو پر ہمارا حساب بنتا ہے اس میں 90فیصد لاگت گیس کی ہے، 5فیصد کمپنیوں کیلئے منافع کی گنجائش ہے، 5ٹرانسمیشن اور ڈسٹری بیوشن کے اوپر ہوتی ہے، اگر آئندہ دو تین ماہ میں یہ مالی بوجھ کم ہوکر 20، 30ارب رہ جاتا ہے۔

اوراس کے علاوہ 100ارب کی مقامی گیس لے آتے ہیں جو بند کرنا پڑتی ہے اگر 130ارب پر جان چھوٹ جاتی ہے تو عوام پر 100ارب کا بوجھ کم ہوجائے گا۔تو اس گیس بل کی قیمت خود بخود کم ہوجائے گی۔ گزارش یہ ہے کہ اگر 1500روپے پر گیس آبھی جائے تو وہ ملک جس کے پاس وسائل نہیں ہیں، تو وہ کون سا جادو کا چراغ ہے جس کے ذریعے وہ 300روپے ماہانہ گیس دیتا رہے گا؟انہوں نے کہا کہ گیس کی لوڈشیڈنگ اب بھی ختم ہوسکتی ہے لیکن جب گیس کی فراہمی زیادہ کریں گے تو لوگ استعمال بھی بڑھا دیں گے جس سے ان کا سلیب 300 سے بڑھ کر 3000روپے ہوسکتا ہے۔

پاکستان کے پاس بجلی وافر ہے، لوگ سردیوں میں گھر کو گرم کرنے کیلئے انورٹر ہیٹر استعمال کرسکتے ہیں، بجلی سستی کرنے کیلئے گرڈ اسٹیشن پر استعمال بڑھانا ہوگا۔ صارفین بجلی کا استعمال کم کررے ہیں وہ سولر لگا رہے ہیں، جس سے گرڈ اسٹیشن پر استعمال سکڑ رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے ایرانی صدر کے اعزاز میں عشائیہ دیا، وہاں دونوں ممالک کی قیادت نے ایک دوسرے کیلئے نیک جذبات کا اظہار کیا۔

ہندوستان کے ساتھ جب پاکستان کی جنگ ہوئی اور اسرائیل کے ساتھ جب ایران کی جنگ ہوئی ، دونوں ممالک نے ایک دوسرے کے کردار کی تعریف کی۔ گیس پائپ لائن معاہدہ پیچیدہ معاملہ اس لئے ہے کہ عالمی قوانین کے مطابق چلنا ہے، وزیراعظم کی خواہش ہے کہ ایران اور پاکستان دونوں مل بیٹھ کر حل نکالیں گے، مناسب نہیں کہ معاملہ عالمی عدالت میں جائے ، یقینا ایران نے پاکستان کی سرحد تک پائپ لائن بچھانے کیلئے سرمایہ کاری کی ہے، لیکن ان کے سرحد کے قریب بہت سے شہر بھی آباد ہیں، جن کو ویسے بھی ایران نے گیس مہیا کرنی تھی، عالمی پابندیوں کو مدنظر رکھ کراس کا حل دونوں ممالک نکالیں گے۔