راولپنڈی میں 10 اگست تک دفعہ 144 نافذ

تحریک انصاف کے احتجاج سے قبل راولپنڈی میں سیاسی اجتماعات، ریلیوں، جلوس پر مکمل پابندی لگادی گئی

muhammad ali محمد علی پیر 4 اگست 2025 22:13

راولپنڈی میں 10 اگست تک دفعہ 144 نافذ
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 04 اگست2025ء) راولپنڈی میں 10 اگست تک دفعہ 144 نافذ، تحریک انصاف کے احتجاج سے قبل راولپنڈی میں سیاسی اجتماعات، ریلیوں، جلوس پر مکمل پابندی لگادی گئی۔ تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کی احتجاجی تحریک کے آغاز سے قبل پنجاب حکومت نے اپوزیشن جماعت کیخلاف اپنی کاروائیوں کا آغاز کر دیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق تحریک انصاف ممکنہ طور پر اڈیالہ جیل کے باہر احتجاج کر سکتی ہے، اسی باعث اسلام آباد اور راولپنڈی انتظامیہ فوری ایکشن میں آ گئی ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کی احتجاجی ریلی کے پیش نظر اسلام آباد اور راولپنڈی میں دفعہ 144 نافذ کردی گئی۔ ڈپٹی کمشنر راولپنڈی نے ضلع بھر میں دفعہ 144 نافذ کرتے ہوئے نوٹیفکیشن جاری کردیا جس کے مطابق ضلع بھر میں 4 اگست سے 10 تک دفعہ 144 نافذ ہوگی۔

(جاری ہے)

نوٹی فکیشن کے مطابق راولپنڈی میں سیاسی اجتماعات، ریلیوں، جلوس پر مکمل پابندی لگادی گئی ہے۔ 4 سے 10 اگست تک موٹرسائیکل ڈبل سواری پر بھی پابندی ہوگی۔

اس کے علاوہ اسلحے کی نمائش، لاوڈاسپیکر کے استعمال پر بھی پابندی ہوگی جبکہ اہم شاہراہوں پر رکھی رکاوٹیں ہٹانے والوں کے خلاف قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔ اس کے علاوہ اڈیالہ جیل کی جانب جانے والی شاہراہ کو سیل کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا، اڈیالہ روڈ کو کنٹینرز لگا کر سیل کیا جائے گا۔ اڈیالہ روڈ کو سیل کرکے اڈیالہ جیل کی سیکورٹی کو ریڈ الرٹ کیا جائے گا جبکہ اطراف میں پنجاب رینجرز تعینات ہوگی اس کے علاوہ راولپنڈی پولیس اور رینجرز کے جوان مشترکہ گشت کریں گے۔

اڈیالہ جیل کے قریب آنے والے ممکنہ مجمع کو سختی سے روکنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، تمام رکاوٹوں پر اینٹی رائٹس پولیس جوان تعینات ہوں گے، آنسو گیس اور ڈنڈوں سے لیس اہلکاروں کی اضافی نفری اڈیالہ روڈ پر تعینات ہوگی، کچری سے اڈیالہ جیل اور موٹروے چکری انٹرچینج سے آنے والی ٹریفک کو متبادل راستوں پر موڑ دیا جائے گا، اڈیالہ روڈ سےملحقہ رابطوں سڑکوں کوبھی سیل کیا جائے گا۔

دوسری جانب ایک رپورٹ کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے 5 اگست کے احتجاج سے قبل لاہور میں کریک ڈاؤن کرتے ہوئے سینکڑوں کارکن گرفتار کرلیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پی ٹی آئی کی جانب سے اعلان کردہ 5 اگست کے احتجاج سے قبل پولیس نے لاہور میں بھرپور کارروائی کرتے ہوئے 200 سے زائد کارکنوں کو حراست میں لے لیا، پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ان افراد کو شہر کے مختلف علاقوں سے گرفتار کیا گیا جن میں سے کچھ کو ضمانتی مچلکوں پر چھوڑ دیا گیا لیکن اب پی ٹی آئی کارکنوں کی گرفتاریوں کا سلسلہ بدستور جاری ہے اور اس حوالے سے پولیس کی جانب سے ڈور ناکنگ کی کارروائیاں بھی کی جا رہی ہیں۔