ایبٹ آباد ، عید الاضحیٰ پر بہترین کارکردگی دکھانے والے ٹریفک اہلکاروں میں سرٹیفکیٹس اور نقد انعامات تقسیم

بدھ 11 جون 2025 17:52

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جون2025ء) ایس ایس پی ٹریفک ایبٹ آباد قمر حیات خان نے عید الاضحیٰ پر بہترین کارکردگی دکھانے والے ٹریفک افسران اور اہلکاروں کو سرٹیفکیٹس اور نقد انعامات سے نوازا۔ ٹریفک پولیس ایبٹ آباد کے مطابق ایس ایس پی ٹریفک نے ان افسران اور اہلکاروں کو تعریفی سرٹیفکیٹس اور نقد انعامات سے نوازا جنہوں نے عید الاضحیٰ کے ایام میں سخت گرمی اور رش کے باوجود اپنی ڈیوٹی نہایت فرض شناسی، پیشہ ورانہ مہارت اور جذبہ خدمت سے سرانجام دی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ایس ایس پی قمر حیات خان نےکہا کہ عید پر لاکھوں افراد سڑکوں پر ہوتے ہیں، ایسے موقع پر ٹریفک کے نظم و ضبط کو قائم رکھنا کسی چیلنج سے کم نہیں تاہم ہماری ٹیم نے اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، جذبے اور محنت سے یہ چیلنج بخوبی نبھایا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایسے اعزازات کا مقصد صرف اہلکاروں کی حوصلہ افزائی کرنا نہیں بلکہ دوسروں کو بھی اعلیٰ کارکردگی کی جانب راغب کرنا ہے۔ ٹریفک پولیس کا کردار ایک خاموش خدمت گزار کی حیثیت رکھتا ہے، جو عوام کی سہولت کے لیے ہمہ وقت موجود ہوتا ہے۔ ان جوانوں نے جو قربانی اور خدمت کا جذبہ دکھایا وہ قابل ستائش ہے۔