اسلام آباد ٹریفک پولیس کے عید الاضحیٰ کے موقع پر موثر انتظامات ، عوامی مقامات اور شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھا گیا، ترجمان

بدھ 11 جون 2025 19:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جون2025ء) اسلام آباد ٹریفک پولیس نے عید الاضحیٰ کے موقع پر ٹریفک کے موثر انتظامات کیے، ٹریفک پولیس افسران نے وفاقی دارالحکومت میں ون ویلنگ اور موٹر سائیکل ریسنگ کے انسداد کو یقینی بنایا ،ون ویلنگ اور ہلڑ بازی میں ملوث موٹر سائیکل سواروں کے خلاف کریک ڈائون کرتے ہوئے درجنوں موٹر سائیکلوں کو مختلف تھانہ جات میں بند بھی کیا گیا جبکہ عید کے ایام میں عوامی مقامات اور شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھا گیا۔

پولیس ترجمان کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کے خصوصی احکامات کی روشنی میں چیف ٹریفک آفیسر اسلام آباد کیپٹن (ر) سید ذیشان حیدرکی زیر نگرانی اسلام آباد ٹریفک پولیس نے عید الاضحیٰ کے موقع پر شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے اور شہریوں کو حادثات سے محفوظ رکھنے کے لئے موثر پلان ترتیب دیا، عید الاضحیٰ کے ایام میں عوامی مقامات پر ٹریفک کے موثر انتظامات کو یقینی بنانے کے ساتھ شاہراہوں پر ون ویلنگ اور ہلڑ بازی میں ملوث موٹر سائیکل سواروں کے خلاف بلاتفریق کریک ڈائون کیا گیا جبکہ درجنوں موٹر سائیکلز مختلف تھانہ جات میں بند بھی کیے گئے۔

(جاری ہے)

سی ٹی او اسلام آباد کیپٹن (ر) سید ذیشان حیدرنے کہا کہ ضبط شدہ موٹر سائیکلوں میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں سمیت بغیر نمبر پلیٹ ،غلط نمبر ،موٹرسائیکل میں ردوبدل اور بغیر لائسنس موٹر سائیکل شامل ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹریفک پولیس کے موثر انتظامات کی بدولت وفاقی دارالحکومت میں مربوط ٹریفک کے نظام کو برقراررکھا گیا جبکہ عید الاضحیٰ کے ایام میں اسلام آباد پولیس کی کاوشوں اور فرائض کی ادائیگی کو معاشرے کے تمام طبقات اور شہریوں نے مختلف فورمز پر سراہا ہے،مزید عوامی مقامات پر ڈیوٹی پر مامور پولیس افسران اور شاہراہوں پر ٹریفک کی مو ثر روانی کو بھی شہریوں نے قابل تحسین قرار دیا۔