ڈپٹی کمشنر شہید بینظیر آباد کا سیم نالوں، ڈرینیج سسٹم اور گرڈ اسٹیشنز کا دورہ ،مون سون سے قبل نکاسی آب اور ہنگامی پلان مرتب کرنے کی ہدایت

بدھ 11 جون 2025 19:50

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جون2025ء) ڈپٹی کمشنر شہید بینظیر آباد عبدالصمد نظامانی نے میئر قاضی محمد رشید بھٹی، پیپلز پارٹی کے ضلعی صدر محمد سالم زرداری، ضلع کونسل کے چیئرمین علی اکبر جمالی، ایل بی او ڈی، پبلک ہیلتھ اور میونسپل کارپوریشن کے افسران کے ہمراہ نواب شاہ، گپچانی، 60 میل اور دیگر مختلف سیم نالوں، کڈھر پمپنگ اسٹیشن و بجلی گرڈ اسٹیشن کا دورہ کرکے صورتحال کا جائزہ لیا۔

اس موقع پر چیئرمین اولڈ نواب شاہ محمد حیات کاکپیو، چیئرمین سید عاطف زیدی، ایکسئن پبلک ہیلتھ مظفر حسین زرداری، ایکسئن ایل بی او ڈی سلمان آفریدی، اسسٹنٹ کمشنر اقبال احمد تنیو، وائس چیئرمین ضلع کونسل عبدالرسول بروہی، خان بہادر بھٹی، ایاز احمد جمالی اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

مختلف سیم نالوں اور ڈرینیج ڈسپوزل کے دورے کے موقع پر ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت کی کہ مون سون کی بارشوں کے پیش نظر تمام سیم اور ڈرینج نالوں کی صفائی کے کام کو تیز کیا جائے جبکہ گزشتہ بارشوں کے دوران متاثر ہونے والے بجلی گرڈ اسٹیشن میں نکاسی آب کے حوالے سے کانٹیجنسی پلان ترتیب دیا جائے تاکہ بارشوں کے دوران پانی کی نکاسی میں آسانی ہو سکے۔

اس موقع پر میونسپل کارپوریشن کے افسران نے ڈپٹی کمشنر کو بتایا کہ گزشتہ شدید بارشوں کے باعث گرڈ اسٹیشن مکمل طور پر زیر آب آ گیا تھا جس کی وجہ سے نواب شاہ کی بجلی کئی روز تک بند تھی ۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ بارشوں کے دوران شہر اور گرڈ اسٹیشنز سے پانی کی فوری نکاسی کے لیے پلان تیار کیا جائے تاکہ شہریوں کو پریشانی سے بچایا جا سکے۔ سیم نالوں کے دورے کے دوران ایکسین ایل بی او ڈی سلمان آفریدی نے ڈپٹی کمشنر کو سیم نالوں کی صفائی کے کام کے متعلق آگاہی دی۔