عوام کو بہترین وماحول دوست سفری سہولت کی فراہمی اولین ترجیحات ہیں،صوبائی سیکرٹری ٹرانسپورٹ

بدھ 11 جون 2025 20:50

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جون2025ء) صوبائی سیکرٹری ٹرانسپورٹ حیات کاکڑ نے کہاہے کہ ٹرانسپورٹ کے شعبے کو جدید خطوط پر استوار کیاجارہاہے ،عوام کو بہترین وماحول دوست سفری سہولت کی فراہمی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔ان خیالات کااظہار انہوں نے گرین بس میں سفر کے دوران عوام سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ صوبائی سیکرٹری نے بدھ کے روز گرین بس میں محکمہ ٹرانسپورٹ کے دیگر افسران کے ہمراہ سفر کیا ،گرین بس کے سفر کو مزید بہتر بنانے کیلئے سفر کرنے والے مسافروں سے بات چیت کی اور عوام سے حکومت بلوچستان کے گرین بس منصوبے سے متعلق ان کی آراء طلب کی ۔

اس موقع پر سیکرٹری پی ٹی اے عبدالمجید جونیجو، سیکرٹری آر ٹی اے محمد علی درانی، ڈائریکٹر بی ٹی ای بی شکیل احمد اور ڈائریکٹر بی پی پی پی اے محمد امجد بھی تھے۔

(جاری ہے)

محکمہ ٹرانسپورٹ کے افسران نے گرین بس میں عوام کے ساتھ سفر کیا اور سروس کے تمام پہلوئوں کا باریکی سے جائزہ لیا۔ دورانِ سفر انہوں نے مسافروں سے گفتگو کی اور سروس سے متعلق آرا اور تجاویز حاصل کیں۔

شہریوں کی اکثریت نے گرین بس سروس کو خوش آئند اور وقت کی ضرورت قرار دیا۔ انہوں نے اس سہولت کو عوام کے لیے ایک مثبت اقدام قرار دیتے ہوئے حکومت کا شکریہ ادا کیا۔ تاہم کچھ شہریوں نے سروس میں بہتری کے لیے تجاویز بھی پیش کیں، جیسے کہ بسوں کی روانگی کے وقت میں بہتری، بس اسٹاپ کی صفائی، اور بسوں کی تعداد میں اضافہ۔سیکرٹری ٹرانسپورٹ نے اس موقع پر کہا کہ گرین بس سروس کو مزید بہتر بنانے کے لیے عوامی رائے کو مدِنظر رکھا جائے گا۔

انہوں نے عوام کے تعاون پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کو باوقار، آرام دہ اور سستی سفری سہولیات فراہم کرنا حکومت بلوچستان کی اولین ترجیح ہے۔یہ معائنہ، گرین بس سروس کی افادیت، شفافیت اور عوامی اعتماد کو مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔