Live Updates

نریندر مودی ایک بے شرم ، بے رحم اور سنگ دل شخص ہیں،بالی وڈ اداکار پرکاش راج

بدھ 11 جون 2025 23:10

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جون2025ء) بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کوان کی ناقص اور عوام دشمن پالیسیوں کی وجہ سے ملک و بیرون ملک مسلسل تنقید کا سامنا ہے ۔ اب بالی وڈ کے معروف ادا کارپرکاش راج نے نریندر مودی کوہدف تنقید بناتے ہوئے انہیں بے شرم، بے رحم اور سنگل دل شخص قرار دیاہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق پرکاش راج کی حال ہی میں بھارتی ریاست کیرالہ کے ضلع وایاناڈ میں منعقد ہ ادبی فیسٹیول میں کی جانے والی گفتگو ویڈیوسوشل میڈیا پر وائرل ہے، جس میں انہیں نریندر مودی پر تنقید کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

پرکاش راج نے کچھ عرصہ قبل نریندر مودی کی کپور خاندان سے ملاقات لیکن سورش زدہ ریاست منی پور میں فسادات رکوانے کے لیے متاثرہ علاقے کادورہ نہ کرنے کے بارے میں سوال کے جواب میں کہاکہ کپور خاندان ایک اداکار خاندان ہے، جس سے ایک اداکار نے ملاقات کی، وزیر اعظم نے نہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے نریندر مودی کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ اگر منی پور کسی دوسرے ملک میں ہوتا تو شاید نریندر مودی دکھاوے اور ڈرامے کی خاطر وہاں جاتے لیکن وہ اپنے ملک کے علاقے میں نہیں گئے۔

پرکاش راج نے کہا کہ ہمیں یہ سمجھنا ہوگا کہ ہمارے پاس ایک ایسا شخص وزیر اعظم ہے، جس کا کوئی وژن، مقصد اور لائحہ عمل نہیں ہے۔انہوں نے نریندرمودی کو بے شرم، بے حس، بے ضمیر اور سنگل دل شخص بھی قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ بھارت کے پاس بے رحم، سنگ دل اور بے شرم وزیر اعظم ہے، جس کے پاس کوئی وژن نہیں ہے۔پرکاش راج کی جانب سے نریندر مودی کے خلاف استعمال کی گئی سخت زبان کی ویڈیو وائرل ہے، جس پر صارفین نے تبصرے کرتے ہوئے ان کی بات سے اتفاق بھی کیا۔

بیشتر صارفین نے پرکاش راج کو اصل زندگی کا ہیرو قرار دیتے ہوئے لکھا کہ وہ بھلے اسکرین پر ولن کا کردار ادا کرتے ہیں لیکن حقیقت میں وہ ہی ہیرو ہیں۔پرکاش راج کو نریندر مودی اور حکمران جماعت بھارتی جنتا پارٹی کے سخت حریفوں میں شمار کیا جاتا ہے اور وہ نریندر مودی اور اس کے حواریوں کے خلاف کھری کھری باتیں کرتے دکھائی دیتے رہے ہیں۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات