Live Updates

ٹی ٹوئنٹی پلیئرز کی رینکنگ جاری، ٹاپ ٹین میں پاکستان کا کوئی کھلاڑی شامل نہیں

ٹی ٹوئنٹی بیٹنگ رینکنگ میں آسٹریلیا کے ٹریوس ہیڈ کی پہلی ‘بولنگ میں نیوزی لینڈ کے جیکب ڈفی کی پہلی ‘عادل رشید کی دوسری پوزیشن

جمعرات 12 جون 2025 11:30

دبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جون2025ء)انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ٹی ٹوئنٹی پلیئرز کی رینکنگ جاری کر دی، ٹاپ ٹین میں پاکستان کا کوئی کھلاڑی شامل نہیں۔ٹی ٹوئنٹی بیٹنگ رینکنگ میں آسٹریلیا کے ٹریوس ہیڈ کی پہلی اور بھارت کے ابھیشک شرما کی دوسری پوزیشن برقرار ہے۔بھارت کے تلک ورما ایک درجہ بہتری کے بعد تیسری پوزیشن پر پہنچ گئے جبکہ انگلینڈ کے فل سالٹ ایک درجہ تنزلی کے بعد چوتھے نمبر پر چلے گئے۔

انگلینڈ کے جوز بٹلر ایک درجہ بہتری کے بعد پانچویں اور بھارت کے سوریا کمار یادیو ایک درجہ تنزلی کے بعد چھٹے نمبر پر چلے گئے۔آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی بیٹرز کی رینکنگ میں پاکستان کے بابر اعظم 12 ویں اور محمد رضوان 13 ویں نمبر پر موجود ہیں۔ویسٹ انڈیز کے شائے ہوپ 14 درجے بہتری کے 15 ویں اور انگلینڈ کے بین ڈکٹ 48 درجے بہتری کے بعد 16 ویں، ویسٹ انڈیز کے راومن پاول 8 درجے ترقی کے بعد 20 ویں نمبر پر آ گئے ہیں۔

(جاری ہے)

ٹی ٹوئنٹی بولنگ رینکنگ میں نیوزی لینڈ کے جیکب ڈفی کی پہلی پوزیشن برقرار ہے جبکہ انگلینڈ کے عادل رشید 2 درجہ بہتری کے بعد دوسرے نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔بھارت کے ورن چکرورتی کی تیسری پوزیشن برقرار ہے اور سری لنکا کے وانندو ہسارانگا ایک درجہ بہتری کے بعد چوتھے نمبر پر پہنچ گئے ہیں جبکہ ویسٹ انڈیز کے عقیل حسین 3 درجہ تنزلی کے بعد پانچویں نمبر پر چلے گئے۔رینکنگ میں حارث رؤف اور عباس آفریدی کی ایک ایک درجہ بہتری ہوئی ہے، جو بالترتیب 19ویں اور 20ویں نمبر پر پہنچ گئے۔ٹی ٹوئنٹی آل راؤنڈرز میں بھارت کے ہاردیک پانڈیا کا پہلا نمبر برقرار ہے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات