دنیا کو تاریخ کے دوسرے گرم ترین موسم کا سامنا، گرین لینڈ میں ریکارڈ توڑ ہیٹ ویو

درجہ حرارت ایک غیر معمولی تسلسل کا حصہ ہے‘ کوپرنیکس کلائمیٹ چینج سروس کی رپورٹ

جمعرات 12 جون 2025 16:12

دنیا کو تاریخ کے دوسرے گرم ترین موسم کا سامنا، گرین لینڈ میں ریکارڈ ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جون2025ء)رواں سال دنیا کو تاریخ کے دوسرے گرم ترین موسم کا سامنا ہے، گرین لینڈ میں ریکارڈ توڑ ہیٹ ویو ریکارڈ کی گئی۔یورپی یونین کے ماحولیاتی ادارے کوپرنیکس کلائمیٹ چینج سروس کے مطابق رواں سال مئی کا مہینہ دنیا کا دوسرا گرم ترین مئی رہا جس کے دوران گرین لینڈ میں موسمیاتی تبدیلی کے سبب ریکارڈ توڑ ہیٹ ویو دیکھی گئی۔

(جاری ہے)

ادارے نے اپنی جاری کردہ رپورٹ میں بتایا کہ مئی 2025کے دوران زمین کا سطحی درجہ حرارت 1.4ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہا، جبکہ اس کا موازنہ 1850تا 1900کے قبل از صنعتی دور سے کیا گیا ہے ، وہ دور جب انسانی سرگرمیوں کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر فوسل فیول کا استعمال شروع ہوا تھا۔رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ اس سال کا مئی صرف مئی 2024سے پیچھے رہا جسے اب تک کا سب سے گرم مئی قرار دیا گیا ہے۔

اس کے ساتھ ہی شمالی نصف کرہ میں مارچ تا مئی کا موسمِ بہار بھی ریکارڈ پر دوسرا سب سے زیادہ گرم ثابت ہوا ہے۔کوپرنیکس کے مطابق یہ درجہ حرارت ایک غیر معمولی تسلسل کا حصہ ہے جس میں گزشتہ 22میں سے 21 ماہ ایسے رہے ہیں جن کا اوسط عالمی درجہ حرارت 1.5ڈگری سینٹی گریڈ سے زیادہ رہا حالانکہ سائنسدانوں نے خبردار کیا ہے کہ یہ وقتی وقفہ ممکنہ طور پر دیرپا نہیں ہوگا۔