Live Updates

مودی حکومت کی اسٹریٹیجک ناکامی، سابق قومی سلامتی مشیر کی کڑی تنقید

جمعرات 12 جون 2025 18:38

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 جون2025ء) بھارت کے سابق قومی سلامتی مشیر شیو شنکر مینن نے حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران نریندر مودی حکومت کی سفارتی و عسکری حکمت عملی کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اسے بھارت کی عالمی سطح پر اسٹریٹیجک ناکامی قرار دیا ہے۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے بھارت کی پالیسیوں میں سنجیدگی، توازن، اور مؤثر سفارتی لچک کی کمی کو شدید خطرہ قرار دیا۔

انہوں نے کہاکہ حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران بھارت عالمی بیانیہ قائم کرنے میں مکمل طور پر ناکام رہا ہے۔ انہوں نے پہلگام واقعے اور آپریشن سندور کے تناظر میں مودی حکومت کی پالیسیوں پر سنگین سوالات اٹھائے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے بروقت ردعمل دیتے ہوئے ٹھوس ثبوت اور بیانیے کے ساتھ عالمی میڈیا پر اپنی مؤقف کو مضبوطی سے پیش کیا، جبکہ بھارت سفارتی سطح پر بچھڑتا دکھائی دیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا مودی حکومت کی سست اور غیر مؤثر سفارتی حکمت عملی نے بھارت کی بین الاقوامی ساکھ کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچایا ہے۔ بھارتی میڈیا کی جذباتی اور سنسنی خیز رپورٹنگ نے عالمی برادری میں بھارت کی سنجیدگی پر سوالات کھڑے کر دیے ۔ انہوں نے مودی سرکار کی عسکری پالیسیوں کو بھی خطرناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہر حملہ جنگ ہے کا مؤقف بھارت کو سخت گیر اور محدود پالیسیوں میں جکڑ دیتا ہے، جس سے مؤثر ڈیٹیرینس ممکن نہیں رہتا۔

شیو شنکر نے اس بات پر بھی زور دیا کہ پاکستان کی حکمت عملی اس بار مکمل طور پر دفاعی اور بازدار پر مبنی تھی، جو عالمی سطح پر زیادہ مؤثر اور سنجیدہ نظر آئی۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت کی پالیسیوں میں وہ ضروری اسٹریٹیجک ابہام موجود نہیں جو کہ کسی بھی کامیاب دفاعی پالیسی کا جزوِ لازم ہے۔ انہوں نے خاص طور پر چین اور پاکستان کے بڑھتے ہوئے عسکری تعلقات کو بھارت کے لیے ایک مستقل چیلنج قرار دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت، چین پاکستان قربت کو سنجیدگی سے نہیں لے رہا اور مودی حکومت کی حکمت عملی میں مؤثر منصوبہ بندی کا فقدان واضح طور پر نظر آتا ہے۔شیو شنکر مینن کی یہ تنقید اس وقت سامنے آئی ہے جب جنوبی ایشیائی خطہ مسلسل تناؤ کا شکار ہے، اور سفارتی طور پر سنجیدہ و متوازن حکمت عملی کی اشد ضرورت محسوس کی جا رہی ہے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات