Live Updates

نئے ٹیکس لگا کر قوم کی امیدوں پر پانی پھیر دیا ہے‘ قوم کو سہانے خواب دکھا کر ان کی کمر میں چھرا گھونپا گیا ہے

جمعرات 12 جون 2025 20:23

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 جون2025ء)فیصل آباد الیکٹرونکس اینڈ انسٹالمنٹ ایسوسی ایشن کے گروپ لیڈر فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے سابق صدر رانا محمد سکندراعظم خاں‘ صدر چوہدری حبیب الرحمن گل‘ جنرل سیکرٹری محمد علی و دیگر عہدیداروں نے وفاقی بجٹ کو دعوے محض زبانی جمع خرچ، جھوٹے وعدے اوراعداد و شمار کا گورکھ دھندہ قرار دیتے ہوئے اسے یکسر مسترد کر دیا‘ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایسوسی ایشن کے کابینہ اجلاس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا‘ اجلاس میں چیئرمین رانا فخر حیات خاں‘ سرپرست اعلیٰ چوہدری امانت علی‘ سینئر وائس چیئرمین چوہدری مقصود احمد جٹ‘ دیگرنے شرکت کی‘ انہوں نے کہا کہ حکومت کا ٹیکس فری بجٹ دینے کا وعدہ وفا نہ ہو سکا‘ 280 ارب روپے کے نئے ٹیکس لگا کر قوم کی امیدوں پر پانی پھیر دیا ہے‘ قوم کو سہانے خواب دکھا کر ان کی کمر میں چھرا گھونپا گیا ہے‘ اس بجٹ کے اثرات نہایت بھیانک ہوں گے‘ سر سے پائوں تک مہنگائی میں ڈوبی ہوئی عوام کو مزید ہوشرباء مہنگائی کا سامنا کرنا پڑے گا اور ان کی چیخیں آسمانوں تک جائیں گی‘ انہوں نے کہا کہ ایک ایسے وقت میں جب ملک قرضوں کے بوجھ تلے دبا ہوا ہے،مہنگائی آسمان کو چھو رہی ہے،بیروزگاری عام ہے،صنعتیں بند ہو رہی ہیں اور تعلیم و صحت کی صورتحال ابتر ہے،وہاں یہ بجٹ محض طاقتور طبقے کی خوشنودی اور عالمی مالیاتی اداروں کی خوشی حاصل کرنے کی ایک کوشش لگتا ہے‘ آٹے، گھی، چینی، بجلی، گیس، پیٹرول سب کچھ عوام کی پہنچ سے باہر ہو چکا ہے اور حکومت سبسڈی کم کر کے معیشت کو اصلاحات کے نام پر غریب دشمنی کی طرف لے جا رہی ہے‘مقررین نے کہا کہ وفاقی بجٹ غریب عوام کے زخموں پر نمک پاشی کا ایک نیا طوفان لائے گا ‘ غریب آدمی بجلی کے بل ادا کرے یا صحت کی سہولتوں کے لئے در بدر کی ٹھوکریں کھائے ‘ فیصل آباد الیکٹرونکس اینڈ انسٹالمنٹ ایسوسی ایشن کے عہدیدار اس بجٹ کو کسی صورت عوامی بجٹ قرار نہیں دے سکتے یہ اشرافیہ کو خوش کرنے والا بجٹ ہے۔

Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات