نارووال لاہور ریلوے سیکشن پر ٹرینوں کی بوگیوں میں کمی ،مسافر بھیڑ بکریوں کی طرح سفر کرنے پر مجبور

سوتیلی ماں جیسا سلوک بند کیا جائے ،اس سیکشن پر چلنے والی ٹرینوں کی بوگیوں میں اضافہ کیا جائے ‘مسافروں کا مطالبہ

جمعرات 12 جون 2025 20:24

نارووال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جون2025ء) نارووال لاہور ریلوے سیکشن پر ٹرینوں کی بوگیوں میں کمی کے باعث مسافر بھیڑ بکریوں کی طرح سفر کرنے پر مجبور ہو گئے ۔بتایا گیا ہے کہ ریلوے انتظامیہ کی طرف سے نارووال لاہور ریلوے سیکشن پر ٹرینوں کی بوگیوں میں کمی کے باعث مسافر ذلیل و خوار ہو کر رہ گئے ہیں اور انکے لیے ٹرین کا سفر اذیت ناک صورتحال اختیار کر گیا ہے،مسافر شدید گرمی اور دھوپ میں ٹرینوں کی چھتوں ،انجن اور دروازوں کے ساتھ لٹک کر سفر کر رہے ہیں۔

بوگیوں کے اندر بھی مسافروں کا اتنا زیادہ رش ہوتا ہے کہ پائوں رکھنے کی جگہ نہیں ہوتی جس سے بچوں،بوڑھوں اور بالخصوص خواتین کو شدید اذیت اور مشکل کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ جمعرات کے روز بھی تین بوگیوں اور ایک بریک ہر مشتمل فیض احمد فیض ٹرین میں اس منافع بخش سیکشن پر رش کے باعث مختلف اسٹیشن سے سینکڑوں مسافر سوار ہونے سے رہ گئے۔

(جاری ہے)

اس سیکشن پر حکومت کے دو سینئر سیاستدان اور وفاقی وزراء احسن اقبال اور رانا تنویر حسین کا حلقہ انتخاب ہے لیکن اسکے باوجود ٹرینوں کی حالت قابل رحم ہے۔

مسافروں نے ریلوے انتظامیہ اور وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی سے مطالبہ کیا ہے کہ نارووال لاہور سیکشن کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک بند کیا جائے اور اس سیکشن پر چلنے والی ٹرینوں کی بوگیوں میں اضافہ کیا جائے تاکہ مسافر سکون اور باعزت طریقے سے سفر کر سکیں۔