Live Updates

کہوٹہ پنڈی روڈ، سہالہ اوورہیڈ برج چار لائن منصوبہ، کہوٹہ سٹی بائی پاس، سہالہ بائی پاس اور متاثرین کو معاوضہ کی ادائیگی کا منصوبہ وفاقی بجٹ میں شامل ہو گیا ،وسیم جنجوعہ

جمعرات 12 جون 2025 21:14

کہوٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 جون2025ء) عوامی ایکشن کمیٹی کہوٹہ کی طویل جدوجہد اور مسلسل احتجاج بالآخر رنگ لے آئی، کہوٹہ پنڈی روڈ، سہالہ اوورہیڈ برج چار لائن منصوبہ، کہوٹہ سٹی بائی پاس، سہالہ بائی پاس اور متاثرین کو معاوضہ کی ادائیگی کا منصوبہ وفاقی بجٹ 2025-26 میں شامل کر لیا گیا۔ اس خوش آئند پیشرفت کا اعلان امیدوار برائے صوبائی اسمبلی حلقہ پی پی-7 کرنل (ر) وسیم جنجوعہ نے عوامی ایکشن کمیٹی کہوٹہ کے رہنماؤں کے ہمراہ ایک نجی ہوٹل میں پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ عوام کے احتجاج، ریلیوں اور میڈیا کے دباؤ کے نتیجے میں حکومت نے اہم میگا پراجیکٹ کو بجٹ میں شامل کر کے عوامی مطالبات تسلیم کیے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ منصوبہ صرف کہوٹہ ہی نہیں بلکہ آزاد کشمیر، اسلام آباد اور راولپنڈی کے لاکھوں شہریوں کے لیے سفری آسانی اور معاشی ترقی کا ضامن ہو گا۔

(جاری ہے)

متاثرین بائی پاس کو معاوضے کی فراہمی کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اب ان کے ساتھ ہونے والی ناانصافی کا ازالہ کیا جائے گا اور قانونی تقاضوں کے مطابق زمینوں کا معاوضہ دیا جائے گا۔

اس موقع پر عوامی ایکشن کمیٹی کے رہنما ملک عبدالرؤف، عنایت اللہ، راجہ عمران ضمیر، راجہ خورشید عالم اور دیگر نے بھی اظہار خیال کیا اور کہا کہ یہ کامیابی عوام کی اجتماعی جدوجہد کا ثمر ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ منصوبے پر فوری عملی کام کا آغاز کیا جائے تاکہ مزید تاخیر نہ ہو۔\378
Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات