واپڈا ،محکمہ گیس اپنا قبلہ درست کریں ورنہ عوامی ردعمل کیلئے تیار ہوجائیں،مفتی حاکم علی

جمعرات 12 جون 2025 21:19

نوشہرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جون2025ء)رہنماء جے یو آئی مفتی حاکم علی نے کہا ہے کہ واپڈا اور محکمہ گیس اپنا قبلہ درست کریں ورنہ عوامی ردعمل کیلئے تیار ہوجائیں،ہسپتالوں کو کباڑخانہ میں تبدیل کیا گیا ہے، جلد وائٹ پیپر جاری کروں گا۔ان خیالات کا اظہار جمعیت علماء اسلام کے مرکزی رکن ایگزیکٹیو کونسل و کنوینر نوشہرہ سیاسی اتحاد مفتی حاکم علی حقانی نے پارٹی کارکنوں کے اعزاز میں منعقدہ عید ملن پارٹی سے خطاب کرتے ہوئے کیا.

اس موقع پر جمعیت علماء اسلام کے رہنماؤں حافط فاروق احمد، مولانا فضل محمود، مولانا عبد البصیر،حاجی فضل ودود،مولانا رحمت اللہ،قاری فیصل غفار،قاری میرتاج، مولانا عمران اللہ حقانی، مولانا سلیمان جیلانی ایمل خان درانی، مفتی محمد علی، قاری ریاض اللہ اور حاجی محمد خان نے بھی خطاب کیا. انہوں نے کہا کہ نوشہرہ کے عوام کے حقوق پر کوئی سمجھوتہ کرنے کو تیار نہیں،محکمہ واپڈا نے عید کے موقع پر گھنٹوں بجلی بند کرکے عوام کی توہین کی ہے،ملک میں حکومت نام کی کوئی چیز نہیں،ہر طرف کرپشن کا بازار گرم ہے،صوبائی حکومت نے کرپشن میں ورلڈ ریکارڈ قائم کر دیا،نوشہرہ کے تمام محکموں میں ریکارڈ کرپشن ہورہی ہے،ہسپتالوں کو کباڑ خانہ میں تبدیل کر دیا گیا ہے بہت جلد نوشہرہ کے منتخب نمائندوں کی کارکردگی پر وائٹ پیپر شائع کرینگے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ گھنٹوں گھنٹوں بجلی اور گیس کی لوڈشیڈنگ قبول نہیں.

خود اپنا قبلہ درست کرلیں. ورنہ بھرپور عوامی ردعمل کیلئے تیار ہوجائیں. انہوں نے کہا کہ آئندہ ہفتے آل پارٹیز مشاورتی اجلاس میں بھرپور احتجاج کی کال دینگے۔