وفاقی وزیر صحت مصطفی کمال کا جی الیون تھری پولی کلینک ہسپتال کے زیر تعمیر توسیعی منصوبے کے دورہ

جمعرات 12 جون 2025 21:43

وفاقی وزیر صحت مصطفی کمال کا جی الیون تھری پولی کلینک ہسپتال کے زیر ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 جون2025ء) وفاقی وزیر صحت مصطفی کمال نے کہا ہے کہ اسلام آباد میٹروپولیٹن شہر ہے جہاں شہری آبادی میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے ، اسلام آباد کے ہسپتالوں پر مریضوں کا بوجھ روز بروز بڑھ رہا ہے، ہسپتال کی تعمیر سے نہ صرف اسلام آباد بلکہ گردونواح کے شہریوں کو بھی فائدہ ہوگا ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جی الیون تھری پولی کلینک ہسپتال کے زیر تعمیر توسیعی منصوبے کے دورہ کے دوران کیا ۔

مصطفی کمال نے وزارت صحت کے افسران کو منصوبے کو درپیش چیلنج کو ایڈریس کرنے کے لیے ضروری ہدایات جاری کیں ۔اس موقع پر وزیر صحت کو انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ اتھارٹی پنجاب کے پراجیکٹ ڈائریکٹر نے بریفنگ دی۔انہوں نے کہا کہ پولی کلینک توسیعی منصوبہ تقریبا 16 ارب روپے کی لاگت سے مکمل ہو گا، پولی کلینک توسیع منصوبہ چار سو بیڈز پر مشتمل ہے ۔

(جاری ہے)

سید مصطفیٰ کمال نے کہا کہ یہ پبلک ہیلتھ کا منصوبہ ہے ،کام کی رفتار کو تیز کیا جائے ، دن رات کام کریں، ورکرز کی تعداد کو بڑھائیں، اس منصوبے کی مانیٹرنگ کے لیے اگلے ہفتہ دورہ کروں گا، زیر تعمیر ہسپتال کو دی گئی ڈیڈ لاین سے پہلے مکمل کرنا ہے، پبلک ہیلتھ کا منصوبہ ہے ،اس میں تاخیر نہیں ہونی چاہیے ۔

اس موقع پروفاقی سیکرٹری ہیلتھ سید وقارالحسن سمیت ڈی جی ہیلتھ، جوائنٹ سیکرٹری ہیلتھ اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر پولی کلینک بھی موجود تھے۔