Live Updates

حکومت گرین انرجی کے فروغ کیلئے کوشاں ہے مگر درآمدی پینلز پر 18فیصد جنرل سیلز ٹیکس عائد کر دیا گیا ہے۔ صدرریحان نسیم بھراڑہ

جمعرات 12 جون 2025 22:36

جڑانوالہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 جون2025ء) فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر ریحان نسیم بھراڑہ نے وزیر خزانہ کی طرف سے 2025-26کے سالانہ میزانیہ پر اپنے فوری رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ وزیر اعظم اور وزیر خزانہ سے اپنی ملاقاتوں کے حوالے سے بہت پر امید تھے کہ صنعتوں کی بحالی اور پیداواری لاگت کے حوالے سے بجلی کی قیمت اور مارک اپ میں کمی کے ساتھ ساتھ پالیسیوں کے تسلسل پر بات ہو گی مگر یہ صورتحال واضح نہیں کی گئی جبکہ اڑان پاکستان کے تحت برآمدات کو 60۔

ارب ڈالر تک بڑھانے کے سلسلہ میں برآمد کنندگان کیلئے کوئی پیکج بھی نہیں دیا گیا۔ انہوں نے تنخواہ دار طبقہ کیلئے ٹیکس کی شرح میں کمی اور تعمیراتی شعبہ پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی میں کمی کو سراہا اور کہا کہ ٹیکس کی وصولیوں کے ٹارگٹ میں 18فیصد کا اضافہ تجویز کیا گیا ہے مگر یہ نہیں بتایا گیا کہ یہ کس طرح ممکن ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نان فائلرز پر بعض پابندیوں کے علاوہ اس نظام کے خاتمے کیلئے کوئی واضح قدم نہیں اٹھا یا گیا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت گرین انرجی کے فروغ کیلئے کوشاں ہے مگر درآمدی پینلز پر 18فیصد جنرل سیلز ٹیکس عائد کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ بجٹ سے ہمیں بہت زیادہ توقعات تھیں تاہم شاید آئندہ ترامیم کے ذریعے اس میں بہتری لائی جا سکے۔ تعمیراتی شعبہ کے بارے میں ریحان نسیم بھراڑہ نے کہا کہ ملک میں ڈیڑھ کروڑ گھروں کی کمی ہے ہم نے تجویز دی تھی کہ ایک سے ڈیڑھ کروڑ تک کے ایک گھر کو ہر قسم کے ٹیکس سے مستثنیٰ قرار دیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے کمرشل پراپرٹی پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی ختم کر کے اچھا اقدام اٹھایا ہے مگر زراعت اور برآمدات کے حوالے سے کوئی غیر معمولی اقدام نہیں اٹھایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ویونگ انڈسٹری فی الحال اچھی طرح چل رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئی ٹی کی برآمدات بڑھانے اور صنعتی شعبہ کی ترقی کیلئے بھی فوری اقدامات اٹھانے ہوں گے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ یہ بجٹ بھی سٹیک ہولڈرز کی بجائے مخصوص افراد کی مشاورت سے بنایا گیا ہے۔ اس موقع پر سینئر نائب صدر قیصر شمس گچھا اور نائب صدر شاہد ممتاز باجوہ کے علاوہ سابق صدور اور ایگزیکٹو ممبران بھی موجود تھے جنھوں نے صحافیوں کے ہمراہ وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی تقریر قومی اسمبلی سے براہ راست ٹی وی پر دیکھی اور سنی۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات