Live Updates

منصوبہ بندی کے وفاقی وزیر مینڈیٹ چور سرکار کے ''گوئبلز'' بننے کی کوشش کررہے ہیں، ترجمان پی ٹی آئی

جمعرات 12 جون 2025 22:44

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 جون2025ء)پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان نے کہا ہے کہ منصوبہ بندی کے وفاقی وزیر مینڈیٹ چور سرکار کے ''گوئبلز'' بننے کی کوشش کررہے ہیں،مجرموں کو اقتدار سے الگ کرکے معیشت کابندوبست عوام کے حقیقی نمائندوں کے سپرد کرنے کے سوا معیشت کی بحالی و ترقی کا کوئی معقول راستہ نہیں۔احسن اقبال کی پریس کانفرنس پر ردعمل میں ترجمان پی ٹی آئی نے کہا کہ معیشت کو جس طرح تباہی کے گھاٹ احسن اقبال اور ان کی جماعت نے اتارا اس کی مثال تاریخ میں نہیں ملتی، معیشت کی حقیقی حالت کو عوام مینڈیٹ چور سرکار کے وزیروں سے بہتر جانتے ہیں،گزشتہ تین برس سے عوام نے ان مجرموں کی نااہلی، نالائقی اور نہایت ناقص فیصلہ سازی کا خمیازہ بھگت رہے ہیں۔

ترجمان تحریک انصاف نے کہا کہ اعداد و شمار کے گورکھ دھندے سجا کر عوام کو بہلایا پھسلایا جا سکتا ہے نہ ہی معیشت کی بربادی کے حقیقی مجرم اپنی کھال بچا سکتے ہیں، عوام مینڈیٹ سے محروم سرکار کی تباہ کن پالیسیوں کا براہ راست نشانہ ہیں اور مسلسل انہیں مسترد کر رہے ہیں، قوم کے تمام طبقات حالیہ بجٹ کے خلاف قومی سطح پر اپنا شدید ردعمل ظاہر کررہے ہیں،ملکی معیشت کو چلانے کے عمل میں شریک کم و بیش تمام طبقات بجٹ کے عنوان سے قوم سے کئے گئے مذاق کو مسترد کررہے ہیں۔

(جاری ہے)

ترجمان نے کہا کہ گھسی پٹی الزام تراشی یا چرب زبانی سے جھوٹ کو سچ میں بدلنے کی مایوس کن کوششیں کرنے کی بجائے مینڈیٹ چور ٹولہ کچھ شرم اور 24 کروڑ پاکستانیوں پر رحم کرے، مجرموں کو اقتدار سے الگ کرکے معیشت کابندوبست عوام کے حقیقی نمائندوں کے سپرد کرنے کے سوا معیشت کی بحالی و ترقی کا کوئی معقول راستہ نہیں۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات