Live Updates

ججز کا غائب ہونا واضح ثبوت ہے کہ ‎عمران خان کیخلاف تمام مقدمات جھوٹے ہیں

جعلی حکومت نے عوام کو سڑکوں پر نکلنے پر مجبور کر دیا، اس بار احتجاجی تحریک کو سنبھالنا جعلی حکومت کے بس سے باہر ہوگا۔ مشیر اطلاعات خیبرپختونخواہ بیرسٹر سیف

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 12 جون 2025 19:58

ججز کا غائب ہونا واضح ثبوت ہے کہ ‎عمران خان کیخلاف تمام مقدمات جھوٹے ..
پشاور ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی پی اے ۔ 12 جون 2025ء ) خیبرپختونخواہ حکومت کے مشیر اطلاعات بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ ججز کا غائب ہونا واضح ثبوت ہے کہ ‎عمران خان کیخلاف تمام مقدمات جھوٹے ہیں۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ مقدمات میں ‎عمران خان کے خلاف معمولی ثبوت بھی ہوتے تو ججز کو سٹریچر پر بھی لا کر پیش کر دیا جاتا، کبھی جج کا اور کبھی وکیل کا غائب ہونا جعلی مقدمات کو طول دینے کی ایک چال ہے۔

26ویں آئینی ترمیم نے ملک کے نظامِ انصاف کو جکڑ کر رکھ دیا ہے، اگر عدالتیں انصاف فراہم نہیں کرتیں تو سڑکوں پر آنا شہریوں کا حق ہے، جعلی حکومت نے گولی چلانے کی آخری چال بھی چلائی ہے، اب عوام کا وہ خوف بھی ختم ہوگیا ہے اور دوبارہ نکلنے کے لئے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ جعلی حکومت نے عوام کو سڑکوں پر نکلنے پر مجبور کر دیا ہے، عوام اپنے محبوب قائد عمران خان کے لیے ہر وقت سڑکوں پر نکلنے کے لیے تیار ہیں،اس بار احتجاجی تحریک کو سنبھالنا جعلی حکومت کے بس سے باہر ہوگا۔

(جاری ہے)

اس بار عوام پوری تیاری کے ساتھ سڑکوں پر نکلیں گے اور جعلی حکومت کی ہر فسطائی کارروائی کا منہ توڑ جواب دیں گے۔ مزید برآں پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء اور سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ اس بار ہم کچھ نیا اور مختلف کریں گے، جس کا مقصد اور ہدف عمران خان کی رہائی ہوگا، ہمیشہ بات چیت کو اہمیت دی لیکن حکومت با اختیار نہیں۔

اے آر وائی نیوز سے منسلک صحافی نعیم اشرف بٹ کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم نہ کسی کے خوف اور نہ لالچ میں آئیں گے، اس دفعہ ہم کچھ نیا اور مختلف کریں گے جس کا مقصد اور ہدف عمران خان کی رہائی ہوگا، اس حوالے سے احتجاجی تحریک کا پلان جی ڈی اے، محمود اچکزئی اور شاہد خاقان عباسی کے سامنے رکھا ہے، پاکستان تحریک انصاف کی سیاسی کمیٹی سے اس کی منظوری کے بعد تحریک کا باقاعدہ آغاز ہوگا جس کا پہلا اور بڑا ہدف عمران خان کی رہائی ہوگا، کوشش کریں گے کہ حالات کو سامنے رکھتے ہوئے احتجاج کریں۔

اسی حوالے سے وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ علی امین گنڈاپور کا کہنا ہے کہ اب جو تحریک شروع ہونے جا رہی ہے یہ آر یا پار ہوگی، تحریک کا پلان اس مرتبہ ہم پبلک نہیں کریں گے، اب میں خندق کھودوں یا سرنگ، میں کسی کو بتاؤں گا ہی نہیں کہ میں کہاں سے آ رہا ہوں، پورے پاکستان سے عوام کو لے کر پہنچیں گے کیوں کہ اس وقت تمام اداروں کا ون پوائنٹ ایجنڈا ہے "عمران خان کو ختم کرو پی ٹی آئی کو ختم کرو" لیکن یہ تو ختم نہیں کرسکتے البتہ ہم 78 سال سے قابض مافیا کو ختم کریں گے اور حقیقی آزادی آئے گی، اس مرتبہ ہم ہتھیار لے کر آئیں گے، میرے مذہب اور آئین نے مجھے دفاع کی اجازت دی ہے اگر تم ہمارے سینوں پر گولیاں مارو گے تو ہمارے گولیاں تمھاری کمر چیر دیں گی۔ 
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات