خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں جمعہ سے گرج چمک اور آندھی کے ساتھ بارش کا امکان ہے، پی ڈی ایم اے

جمعرات 12 جون 2025 20:20

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 جون2025ء) پشاور سمیت خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں جمعہ سے گرج چمک اور آندھی کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا جانے لگا ۔پی ڈی ایم اے کے مطابق بارش کا سلسلہ پیر تک وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے،اس دوران چترال، دیر، سوات، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، مالاکنڈ، بونیر، باجوڑ، مہمند، خیبر، اورکزئی، کرم، وزیرستان، پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، صوابی، بنوں، کرک اور کوہاٹ میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور ژالہ باری متوقع ہے ۔

پی ڈی ایم اے کی جانب سے تمام ضلعی انتظامیہ کو بارش باعث کسی بھی ناخوش گوار واقعے سے پیشی نمٹنے کے لیے مراسلہ جاری کردیا گیا ہے اور کسی بھی ناخوش گوار واقعے سے پہلے ہی نمٹنے کے لیے ضلعی انتظامیہ کو چھوٹی بڑی مشینری کی دستیابی یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ بارش کے دوران عوام بجلی کی تاروں، بوسیدہ عمارتوں، تعمیرات، سائن بورڈز اور بل بورڈز سے دور رہے اورکسان حضرات موسمیاتی پیش گوئی کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنے معمولات ترتیب دیں۔

پی ڈی ایم اے نے حساس بالائی علاقوں میں سیاحوں اور مقامی آبادی کو موسمی حالات سے باخبر رہنے کے لیے احتیاطی تدابیر اپنانے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ حساس اضلاع میں ضلعی انتظامیہ کو مقامی آبادی تک پیغامات مقامی زبانوں میں پہنچائے جائیں۔انتظامیہ کو بتایا گیا ہے کہ کسی بھی ہنگامی صورت حال میں تمام متعلقہ ادارے روڈ لنکس کی بحالی میں چوکس رہیں اور سڑک کی بندش کی صورت میں ٹریفک کے لیے متبادل راستے فراہم کیے جائیں۔پی ڈی ایم اے نے کہا کہ سیاح موسمی صورت حال اور سڑکوں کی بندش کے پیش نظر سیاحتی مقامات کا رخ کرنے سے پہلے پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن پر رابطہ کریں۔