Live Updates

لاہور پریس کلب وپنجاب ایمرجنسی آپریشن سنٹرمیں پاکستان سے پولیو کے خاتمے کیلئے معاہدہ

جمعرات 12 جون 2025 21:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 جون2025ء) لاہور پریس کلب اور پنجاب ایمرجنسی آپریشن سنٹرمیں پاکستان سے پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے ایک مفاہمتی یاداشت پر دستخط کئے گئے۔اس موقع پر صدر لاہور پریس کلب ارشد انصاری، نائب صدر صائمہ نواز، سیکرٹری زاہد عابد، فنانس سیکرٹری سالک نواز، وزیر اعلی پنجاب کی فوکل پرسن برائے پولیو عظمی کاردارو دیگر موجود تھے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدرلاہور پریس کلب ارشد انصاری نے کہا کہ پریس کلب اور صحافی برادری پولیو کے خاتمے کی قومی مہم میں مکمل تعاون کریں گے، ہم عوام کی سوچ کو مثبت رخ دینے کی اپنی ذمہ داری نبھائیں گے۔انہوں نے پولیو ٹیموں کو ہرممکن تعاون فراہم کرنے کا وعدہ کیا تاکہ ہر بچہ محفوظ رہے۔وزیراعلی پنجاب کی فوکل پرسن برائے پولیو عظمی کاردار نے کہا کہ میڈیا صرف معلومات کا ذریعہ ہی نہیں بلکہ تبدیلی کی طاقت ہے، ہم میڈیا کے ساتھ قریبی رابطے میں رہ کر پولیو ویکسینیشن سے متعلق درست اور بروقت معلومات عوام تک پہنچانے کے لیے پرعزم ہیں۔

(جاری ہے)

پنجاب انسداد پولیو پروگرام سربراہ عدیل تصور نے کہا کہ میڈیا ہماری اس مہم کا سب سے مضبوط شراکت دار ہے، اس کی رسائی اور ساکھ کی بدولت ہم لوگوں میں اعتماد پیدا کرتے ہیں، غلط فہمیاں دور اور والدین کو ویکسیئن کے بارے میں قائل کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پولیو ورکرز ہمارے نظام کی ریڑھ کی ہڈی ہیں، میڈیا اور معاشرے کی مدد سے ہم انہیں ہر گھر تک رسائی اور تحفظ فراہم کرنے کے قابل بنا سکتے ہیں۔

تقریب میں شرکاء نے مزید کہا کہ پنجاب میں پولیو کے خلاف نمایاں کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں، تاہم کچھ علاقوں میں وائرس کی موجودگی اور ویکسینیشن کے حوالے سے شکوک و شبہات اب بھی رکاوٹ ہیں، پنجاب انسداد پولیو پروگرام موثر مہمات، مستند نگرانی اور کمیونٹی سطح پر آگاہی کے ذریعے ان چیلنجز کا مقابلہ کر رہا ہے۔ شرکاء نے پولیو ورکرز کی قربانیوں کو بھی خراج تحسین پیش کیا ۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات