Live Updates

حکومتِ بلوچستان کی گوادر پریس کلب کو 20 لاکھ روپے کی مالی گرانٹ فراہم

جمعرات 12 جون 2025 22:10

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 جون2025ء) حکومتِ بلوچستان نے گوادر پریس کلب کو 20 لاکھ روپے کی مالی گرانٹ فراہم کی گئی۔ ڈپٹی کمشنر گوادر حمود الرحمٰن نے باضابطہ طور پر گرانٹ چیک پریس کلب کے صدر اسماعیل عمر کے سپرد کیا۔ تقریب میں محکمہ اطلاعات گوادر کے ضلعی اطلاعات افسر بالاچ بلوچ، چیئرمین میونسپل کمیٹی گوادر ماجد جوہر، پریس کلب کے نائب صدر بشیر قاسم، جوائنٹ سیکرٹری سلمان جاوید سمیت دیگر موجود تھیں۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر گوادر حمود الرحمٰن نے کہا کہ یہ گرانٹ نہ صرف پریس کلب کی بنیادی ضروریات کو پورا کرے گی بلکہ گوادر سمیت بلوچستان بھر میں صحافت کے فروغ، استحکام اور ادارہ جاتی بہتری کے لیے بھی ایک مؤثر سنگ میل ثابت ہوگی۔ انہوں نے کہاکہ حکومت بلوچستان مقامی سطح پر آزاد، ذمہ دار اور بااثر صحافت کے قیام و فروغ کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے، جن میں پریس کلبز کو سہولیات کی فراہمی سرفہرست ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ جدید تقاضوں سے ہم آہنگ پریس کلبز کا قیام صحافیوں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافہ، تربیتی مواقع کی فراہمی اور عوامی مسائل کے اجاگر کرنے میں مؤثر کردار ادا کرے گا۔یہ امر بھی لائقِ ذکر ہے کہ اس سے قبل تربت پریس کلب کو بھی محکمہ اطلاعات اور حکومت بلوچستان کی جانب سے 50 لاکھ روپے کی خصوصی گرانٹ فراہم کی جا چکی ہے، جب کہ 20 لاکھ روپے کی سالانہ معمول کی گرانٹ بھی جلد از جلد جاری کر دی جائے گی۔

موجودہ گرانٹ اسی سلسلے کی ایک اور اہم کڑی ہے، جو حکومت بلوچستان کی آزادئی اظہار اور مقامی صحافت کے استحکام کے عزم کی غماز ہے۔اس موقع پر صحافی برادری نے سیکرٹری اطلاعات عمران خان، ڈائریکٹر جنرل تعلقات عامہ محمد نور کھیتران، ڈپٹی کمشنر گوادر اور دیگر حکام کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا اور حکومتِ بلوچستان کی صحافت دوست پالیسی کو سراہتے ہوئے اسے جمہوریت کے استحکام کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات