حادثے کا شکار طیارے کو ترک کمپنی سے جوڑنے کا بھارتی دعوی جھوٹا نکلا

حادثے کا شکار مسافر طیارے کی دیکھ بھال ترکش ٹیکنک نے نہیں کی ، فیکٹ چیک نیوز ایجنسی

جمعہ 13 جون 2025 14:15

احمد آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 جون2025ء)بھارتی شہر احمد آباد میں ایئر انڈیا کے مسافر طیارے کو پیش آئے افسوس ناک حادثے کے بعد سوشل میڈیا پر جہاز کی دیکھ بھال کو ایک ترک کمپنی سے جوڑنے کا دعوی جھوٹا ثابت ہوا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق مسافر طیارے کے تباہ ہونے سے 241 قیمتی جانیں ضائع ہونے پر سوشل میڈیا پر یہ دعوی کیا جارہا ہے کہ ایئر انڈیا کے طیارے کی دیکھ بھال کی ذمہ داری ترک کمپنی ترکش ٹیکنک کے سپرد تھی۔

حادثے کے بعد سوشل میڈیا پر متعدد گمراہ کن پوسٹس گردش کرنے لگیں جن میں تصاویر کے ساتھ گمراہ کن معلومات شیئر کی جارہی تھی۔ان سوشل میڈیا پوسٹس میں دعوی کیا گیا کہ حادثے کا شکار مسافر طیارے کی دیکھ بھال ترکش ٹیکنک نے کی تھی، جو کہ فلیگ کیریئر ترکش ایئرلائنز کے ذریعے چلایا جانے والا مرمتی سینٹر ہے۔

(جاری ہے)

تاہم ترک خبر رساں ایجنسی کی فیکٹ چیک لائن نے بھارتی سوشل میڈیا پوسٹس کے اس دعوے کو بے بنیاد قرار دے دیا ہے۔

ترکش فیکٹ چیک نیوز ایجنسی نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ حادثے کا شکار ہونے والا طیارہ بوئنگ 787-8 ڈریم لائنر تھا، جبکہ جو تصاویر ترکیہ کے ٹیکنک ہینگرز کے ساتھ شیئر کی جارہی ہیں وہ بوئنگ 777 ہے۔9 اپریل کو ترک ٹیکنک کی جانب سے کی گئی انسٹاگرام پوسٹ کے مطابق، ایئر انڈیا کے ساتھ ان کے معاہدے میں صرف بوئنگ 777 کی بیس مینٹیننس کرنا ہے۔ذرائع کے مطابق ترک ٹیکنک اور ایئر انڈیا کے درمیان معاہدے میں صرف بوئنگ 777 طیاروں کی مینٹیننس شامل ہے جو کہ استنبول کے ہینگرز میں خدمات حاصل کررہے ہیں اور ان میں کسی قسم کا مسئلہ درپیش نہیں آیا۔