اوتھل ،قیامت خیز گرمی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ نے شہریوں کو عذاب میں مبتلا کردیا

جمعہ 13 جون 2025 17:19

اوتھل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 جون2025ء) اوتھل میں قیامت خیز گرمی اور "کے الیکٹرک" کی جانب سے اعلانیہ اور فالٹ کے بہانے غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ نے شہریوں کو دوہرے عزاب میں مبتلا کردیا۔بجلی کی بار بار طویل بندش اور آنکھ مچولی نے عوام کا جینا حرام کردیا، خصوصا رات کے اوقات میں شدید گرمی و حبس میں بجلی کی معطلی نے بزرگوں، مریضوں اور بچوں کو اذیت میں مبتلا کر دیا ہے،کے الیکٹرک اوتھل کے طویل عرصے سے تعینات مینیجر اور تمام دفتری اسٹاف کا فوری تبادلہ کیا جائے۔

عوامی حلقوں کا شدید ردعمل،تفصیلات کے مطابق ضلع لسبیلہ کے صدرمقام اوتھل میں قیامت خیز گرمی اور "کے الیکٹرک" کی جانب سے اعلانیہ اور فالٹ کے بہانے غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ نے شہریوں کو دوہرے عزاب میں مبتلا کردیا ہے۔

(جاری ہے)

بجلی کی بار بار طویل بندش اور آنکھ مچولی نے عوام کا جینا عزاب کردیاہے۔خصوصا رات کے اوقات میں بجلی کی با بار معطلی نے بزرگوں، مریضوں اور بچوں کو اذیت میں مبتلا کر دیا ہے۔

بجلی صارفین نے شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ضلعی صدر مقام اوتھل جہاں تمام انتظامی افسران تعینات ہیں لیکن اس کے باوجود کے الیکٹرک کی جانب سے جاری بیرحمانہ لوڈشیڈنگ نے عوامی زندگی مفلوج کرکے رکھ دی ہے۔ دن ہو یا رات، بجلی کی بار بار بندش سے علاقہ مکین شدید اذیت و تکلیف کا شکار ہو چکے ہیں۔ خصوصا رات کے وقت غیر اعلانیہ طویل بندش نے بزرگ، بیمار اور معصوم بچوں کو سخت مشکلات میں مبتلا کر دیا ہے۔

مقامی شہریوں کے مطابق "کے الیکٹرک" دن بھر کئی بار اعلانیہ اور غیر اعلانیہ طریقے سے بجلی بند کرتی ہے، جبکہ رات گئی"مصنوعی فالٹ" کے بہانے گھنٹوں بجلی غائب رکھی جاتی ہے۔ پھر صبح چھ بجے ایک بار پھر بجلی داغ مفارقت دے جاتی ہے اور 9 بجے آنے کے بعد یہ سلسلہ شام تک چلتا رہتا ہے پھر شام 4 سے ساڑھے سات ،آٹھ بجے تک برقی سپلائی بندھ رہتی ہے۔ پھر رات گئے تک دوبارہ بجلی کی بندش سے عوام کی پرسکون نیند و آرام چھین لیا ہے۔

قیامت خیز شدید گرمی میں گھروں میں بیمار، بوڑھے اور بچے اذیت و کوفت میں مبتلا ہو جاتے ہیں۔ دوسری جانب بجلی کی بندش مچھروں کی یلغار ملیریا، ڈینگی جیسے موذی امراض کے خطرے کو بڑھا رہی ہے۔ جس پر ابھی تک کوئی خاطر خواہ اقدامات نہیں اٹھائے گئے۔عوامی حلقوں نے وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان اور کے الیکٹرک کے CEO مونس علوی اور ارباب بست و کشاد سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر اوتھل و بیلہ میں عرصہ دراز سے تعینات کے الیکٹرک منیجر اور تمام دفتری اسٹاف کا تبادلہ کیا جائے۔ جن کی تعیناتی کے بعد بجلی کا نظام مکمل طور پر درہم برہم ہو چکا ہے۔ ان کی جگہ فرض شناس، ایماندار، مخلص آفیسرز تعینات کیئے جائیں۔تاکہ بجلی کی سپلائی میں بہتری آسکے۔اور شہری سکھ و چین کا سانس لے سکیں۔