راولپنڈی تعلیمی بورڈ کا منسوخ ہونے والے امتحانی پرچہ کا نیا شیڈول جاری

جمعہ 13 جون 2025 18:31

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 جون2025ء) بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن راولپنڈی نے اعلان کیا ہے کہ انٹرمیڈیٹ پارٹ ون سالانہ امتحانات 2025 کے تحت مورخہ 13 جون بروز جمعہ لیا جانے والا مضمون "ہسٹری (تاریخ اسلام )" کا پرچہ ناگزیر وجوہات کی بناء پر منسوخ کر دیا گیا ہے۔طلبہ کی سہولت اور امتحانی نظام کے تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے بورڈ نے اس پرچے کے لیے نیا شیڈول جاری کر دیا ہے۔

اب یہ پرچہ مورخہ 17 جون 2025ء بروز منگل کو فرسٹ گروپ میں، پہلے سے الاٹ شدہ امتحانی مراکز میں اور اسی رول نمبر کے تحت منعقد کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

تمام ریگولر امیدواران کی نئی رول نمبر سلپس ان کے متعلقہ تعلیمی اداروں کے پورٹلز پر فراہم کر دی گئی ہیں جبکہ پرائیویٹ امیدواران کی رول نمبر سلپس بورڈ کی ویب سائٹ پر اپ لوڈ کر دی گئی ہیں اور ساتھ ہی ان کے داخلہ فارم پر دیئے گئے پتہ جات پر ارسال بھی کی جا رہی ہیں۔

طلبہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مقررہ وقت پر اپنے متعلقہ امتحانی مراکز میں پہنچیں اور رول نمبر سلپ ہمراہ لانا یقینی بنائیں۔ نیز پہلے سے جاری شدہ رول نمبر سلپ بھی قابل قبول ہوگی۔مزید رہنمائی یا کسی بھی قسم کی دشواری کی صورت میں امیدواران کنٹرولر امتحانات کے دفتر سے رابطہ کر سکتے ہیں۔