ڈپٹی کمشنر شانگلہ محمد فواد کی زیر صدارت فارسٹ فائر مینجمنٹ کمیٹی کے اہم اجلاس کا انعقاد

جمعہ 13 جون 2025 18:36

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 جون2025ء) ڈپٹی کمشنر شانگلہ محمد فواد کی زیر صدارت فارسٹ فائر مینجمنٹ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا ،جس میں ضلع میں جنگلات میں آگ لگنے کے واقعات کی روک تھام، موجودہ صورتحال اور مستقبل کی حکمت عملی کا تفصیل سے جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں محکمہ جنگلات، ضلعی انتظامیہ، ریسکیو 1122، محکمہ پولیس، محکمہ مال اور دیگر متعلقہ اداروں کے افسران نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران فارسٹ ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے ضلع میں پیش آنے والے جنگلاتی آگ کے حالیہ واقعات، ان کے اسباب اور اب تک کیے گئے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ اداروں کو ہدایت جاری کی کہ جنگلات میں آگ لگنے کے خطرات کو کم کرنے کے لیے مقامی کمیونٹیز کو شامل کر کے آگاہی مہمات چلائی جائیں، ممکنہ ہاٹ سپاٹس کی نشاندہی کر کے وہاں الرٹ اور پیشگی اقدامات کیے جائیں، فیلڈ سٹاف کو مکمل تربیت اور ضروری آلات فراہم کیے جائیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بین المحکمہ جاتی تعاون کو مزید مؤثر بنایا جائے تاکہ وسائل اور معلومات کا فوری تبادلہ ممکن ہو۔ ڈپٹی کمشنر نے اس بات پر زور دیا کہ جنگلات قدرتی اثاثہ ہیں اور ان کا تحفظ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے، فارسٹ فائرز کی بروقت روک تھام نہ صرف ماحول کے تحفظ بلکہ مقامی آبادی کے مفادات کے لیے بھی ناگزیر ہے۔

متعلقہ عنوان :