Live Updates

بچوں کے حقوق کا تحفظ ایک قومی فریضہ ہے، مقررین سیمینار

ہمیں آئندہ نسل کو محفوظ، تعلیم یافتہ اور بااختیار بنانے کے لیے فوری اقدامات کرنے ہوں گے

جمعہ 13 جون 2025 21:05

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 جون2025ء) فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی اسٹینڈنگ کمیٹی برائے انسانی حقوق کے زیر اہتمام عالمی یومِ اطفال کے موقع پر ایک فکری سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس میں معاشرتی سطح پر درپیش اہم مسائل جیسے چائلڈ لیبر، بڑھتی ہوئی طلاقیں، خلع کے رجحانات اور خاندانی نظام کے بکھراؤ پر ماہرین نے سنجیدہ گفتگو کی۔

سیمینار کی میزبانی اسٹینڈنگ کمیٹی کی چیئرپرسن محترمہ فرزانہ برنی نے کی، جبکہ مہمانِ خصوصی کے طور پر سابق صوبائی وزیر برائے بہبودِ خواتین محترمہ شمیم ممتاز نے خصوصی شرکت کی۔ اس کے علاوہ صدائے انسانیت سوشل ویلفیئر آرگنائزیشن کی چیئرپرسن شمسہ مہ جبین، سماجی کارکنان، ماہرین تعلیم، انسانی حقوق کے نمائندے اور وکلاء نے بھی شرکت کی اور اظہارِ خیال کیا۔

(جاری ہے)

شمیم ممتاز نے اپنے خطاب میں کہا کہ بچوں کے حقوق کا تحفظ ایک قومی فریضہ ہے اور ہمیں آئندہ نسل کو محفوظ، تعلیم یافتہ اور بااختیار بنانے کے لیے فوری اقدامات کرنے ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ چائلڈ لیبر، تعلیم سے محرومی، اور خاندانی خلفشار کا براہِ راست اثر بچوں کی شخصیت پر پڑتا ہے۔فرزانہ برنی نے کہا کہ صرف قانون سازی کافی نہیں، بلکہ اس پر مؤثر عملدرآمد اور سماجی سطح پر بیداری پیدا کرنا بھی ضروری ہے۔

بچوں سے جبری مشقت صرف معاشی ظلم نہیں بلکہ انسانی وقار کی پامالی ہے۔شمسہ مہ جبین نے بڑھتی ہوئی طلاقوں اور خلع کے کیسز پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ بکھرتے خاندان بچوں کے لیے ذہنی، جذباتی اور معاشرتی طور پر نقصان دہ ثابت ہوتے ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ نکاح سے قبل اور بعد رہنمائی و تربیت کا مؤثر نظام قائم کیا جائے تاکہ خاندانوں کو ٹوٹنے سے بچایا جا سکے۔

دیگر مقررین نے بھی زور دیا کہ چائلڈ لیبر کے خاتمے کے لیے اسکولوں کو مضبوط اور آسان رسائی والا بنایا جائے، خاندانی نظام کی مضبوطی کے لیے مشاورت، رواداری اور شعور کو فروغ دیا جائے، اور میڈیا و سول سوسائٹی بچوں کے تحفظ اور تعلیم کے لیے سرگرم کردار ادا کریں۔سیمینار کے اختتام پر ایک متفقہ اعلامیہ جاری کیا گیا جس میں تمام متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا گیا کہ بچوں کے حقوق، تعلیم، تحفظ اور خاندانی اقدار کے فروغ کے لیے فوری اور پائیدار اقدامات کیے جائیں۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات