قوم پرست رہنما، ڈیموکریٹک لائرز فورم کے کنوینر و معروف وکیل عبدالستار سرکی بیماری کے باعث بستر پر پڑ گئے

حکومت سمیت کسی نے بھی ان کی کوئی خبر نہ لی، انہیں تشویشناک حالت میں سول اسپتال حیدرآباد سے کراچی ٹراما سینٹر منتقل کیا گیا

جمعہ 13 جون 2025 21:05

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 جون2025ء) قوم پرست رہنما، ڈیموکریٹک لائرز فورم کے کنوینر و معروف وکیل عبدالستار سرکی بیماری کے باعث بستر پر پڑ گئے، مگر حکومت سمیت کسی نے بھی ان کی کوئی خبر نہ لی، انہیں تشویشناک حالت میں سول اسپتال حیدرآباد سے کراچی ٹراما سینٹر منتقل کیا گیا ہے۔سڑک حادثے کے بعد عبدالستار سرکی کے دماغ میں خون جم جانے اور دل کی تکلیف کے باعث انہیں اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔

عبدالستار سرکی نے بتایا کہ ببرلو دھرنے سے پہلے ان کا سڑک حادثہ ہوا تھا، انہوں نے اپیل کی کہ سندھ کے باشعور حلقے ان کی صحتیابی کے لیے کردار ادا کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ ضیا الدین اسپتال میں علاج ممکن ہے۔ "موت برحق ہے، آج نہیں تو کل ہر انسان نے اس دنیا سے رخصت ہونا ہے، لیکن جب تک میں زندہ ہوں، لوگوں کو میری جان بچانے کے لیے کردار ادا کرنا چاہیے۔

(جاری ہے)

سول سوسائٹی، وکلا اور سماجی رہنماں نے مطالبہ کیا ہے کہ ستار سرکی کا علاج کراچی کے ضیا الدین اسپتال سے کرایا جائے تاکہ ان کی جان بچائی جا سکے۔ہائی کورٹ بار اور ڈسٹرکٹ بار حیدرآباد کی طرف سے مالی امداد کے اعلانات تو ہوئے، مگر عملی مدد نظر نہیں آئی۔حیدرآباد ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کی جانب سے وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ اور چیف سیکریٹری سید آصف حیدر شاہ کو ایمرجنسی مالی مدد کے لیے خط بھی لکھا گیا ہے، ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن حیدرآباد کے صدر ایڈوکیٹ عشرت لوہار اور جنرل سیکریٹری ایڈوکیٹ اسرار چانگ نے خط میں لکھا ہے کہ ایڈوکیٹ عبدالستار سرکی سنگین مالی مشکلات کا شکار ہیں اور مہنگے علاج کے اخراجات نے ان کے خاندان کے تمام وسائل ختم کر دیئے ہیں۔

اگر فوری مالی امداد نہ دی گئی تو ان کی جان بچانے والا اہم علاج جاری رکھنا ممکن نہیں ہو گا۔دوسری جانب ٹراما سینٹر میں ستار سرکی کی عیادت کے لیے آل سندھ لائرز ایکشن کمیٹی کے چیئرمین اور کراچی بار ایسوسی ایشن کے صدر ایڈوکیٹ عامر نواز وڑائچ، ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر ایڈوکیٹ عشرت لوہار، سندھ بار کونسل کے ممبران ایڈوکیٹ ایاز تنیو، میاں تاج محمد کیریو سمیت ہائی کورٹ اور مختلف عدالتوں کے ججز کی جانب سے بھی عیادت کا سلسلہ جاری ہے اور آج ٹراما سینٹر میں ایڈوکیٹ ستار سرکی کے آپریشن کے لیے ایک خصوصی بورڈ تشکیل دیا گیا ہے اور آپریشن بھی متوقع ہے۔