ویتنام میں سمندری طوفان وٹیپ کی تباہ کاریاں، 3 افراد ہلاک

سیلاب نے زرعی شعبے سمیت متعدد علاقوں کو شدید نقصان پہنچایا،غیرملکی میڈیا

ہفتہ 14 جون 2025 16:34

ہنوئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 جون2025ء)ویتنام میں سمندری طوفان وٹیپ کے باعث آنے والے شدید سیلاب سے تین افراد ہلاک اور متعدد لاپتا ہو گئے ۔چینی میڈیا بتایا کہ سیلاب نے زرعی شعبے سمیت متعدد علاقوں کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔ صوبہ کوانگ تری کے ضلع تریئو فونگ میں دو افراد سیلاب سے بچا کے اقدامات کے دوران جاں بحق ہوئے جبکہ ضلع ہائی لنگ میں ایک شہری پانی میں ڈوب کر ہلاک ہو گیا۔

(جاری ہے)

دوسری جانب ہمسایہ صوبے کوانگ بنہ میں4افراد تاحال لاپتا ہیں، جن کی تلاش جاری ہے۔سیلاب سے 21,000 ہیکٹر سے زائد رقبے پر کھڑی دھان کی فصل زیرِ آب آ گئی ہے جبکہ ہزاروں ہیکٹر سبزیاں اور مچھلی کے تالاب بھی متاثر ہوئے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق، سیلاب کے باعث بیسیوں ہزار مرغیاں بھی ہلاک ہو چکی ہیں۔شدید بارشوں اور سیلاب نے درجنوں گھروں کو متاثر کیا،سڑکوں پر ٹریفک کی روانی میں خلل ڈالا، اور میدانی و پہاڑی علاقوں سے انخلا کا سبب بنا۔ تاہم حکام کا کہنا ہے کہ دریاں میں پانی کی سطح اب آہستہ آہستہ کم ہو رہی ہے۔