Live Updates

پنجاب میں پہلا باقاعدہ ورچوئل بلڈ بینک قائم ، رضاکارانہ خون عطیہ کرنے والے کسی فرد کے نہیں پورے معاشرے کے محسن ہیں، وزیراعلی پنجاب

ہفتہ 14 جون 2025 16:43

پنجاب میں پہلا باقاعدہ ورچوئل بلڈ بینک قائم ، رضاکارانہ خون عطیہ کرنے ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 جون2025ء) وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب میں پاکستان کا پہلا باقاعدہ ورچوئل بلڈ بینک قائم کیا گیا ہے، رضاکارانہ طور پر خون عطیہ کرنے والے کسی فرد کے نہیں بلکہ پورے معاشرے کے محسن ہیں،محفوظ خون کی منتقلی کے ذریعے ہر سال لاکھوں جانیں بچائی جا رہی ہیں۔ ہفتہ کو انٹرنیشنل بلڈ ڈونر ڈے کے موقع پر وزیراعلی ہائوس سے جاری بیان کے مطابق وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف نے رضاکارانہ طور پر خون عطیہ کرنے والوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ خون کا عطیہ دراصل کسی کے لیے زندگی کا تحفہ ہوتا ہے اور محفوظ خون کی منتقلی کے ذریعے ہر سال لاکھوں جانیں بچائی جا رہی ہیں، رضاکارانہ طور پر خون عطیہ کرنے والے صرف کسی ایک فرد یا خاندان کے نہیں بلکہ پورے معاشرے کے محسن ہیں،نوجوانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس کار خیر میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔

(جاری ہے)

وزیراعلی نے کہاکہ پنجاب کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ یہاں پاکستان کا پہلا باقاعدہ ورچوئل بلڈ بینک قائم کیا گیا ہے، اس جدید نظام کے ذریعے ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 پر کال کر کے 4 کا بٹن دبانے سے خون کے عطیہ دہندہ سے فوری رابطہ ممکن ہو جاتا ہے۔وزیراعلی مریم نواز شریف نے کہاکہ ورچوئل بلڈ بینک کے ذریعے ضرورت مند مریض اور بلڈ ڈونر کے درمیان پل قائم کیا گیا ہے تاکہ بروقت اور صحت مند خون کی فراہمی ممکن ہو سکے۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ بلڈ ڈونر 15 ہیلپ لائن، سیف سٹی ویب سائٹ یا قریبی پولیس خدمت مرکز پر رجسٹریشن کرا کر خون عطیہ کرنے کا عزم کریں کیونکہ خون کا ہر قطرہ قیمتی ہے جو کسی ضرورت مند کے لیے زندگی کا پیغام بن سکتا ہے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات