ملک میں جدید سفری ذرائع کے فروغ کیلئے الیکٹرک گاڑیوں کی پالیسی بنانے کا فیصلہ

الیکٹرک موٹرسائیکل، سکوٹیز، تھری ویلرز، کاریں اور بسوں جیسے جدید سفری ذرائع کو تیزی سے فروغ دینے کے لیے ٹھوس اقدامات کیے جائیں،؛ وزیراعظم کی اجلاس میں ہدایت

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 14 جون 2025 17:24

ملک میں جدید سفری ذرائع کے فروغ کیلئے الیکٹرک گاڑیوں کی پالیسی بنانے ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 14 جون 2025ء ) ملک میں جدید سفری ذرائع کے فروغ کیلئے الیکٹرک گاڑیوں کی پالیسی بنانے کا فیصلہ کرلیا گیا، تفصیلات کے مطابق ملک میں الیکٹرک وہیکلز کے فروغ اور صنعت کی ترقی کے لیے پالیسی سازی و حکمت عملی پر تفصیلی مشاورت کے لیے وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت ایک اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں وفاقی وزراء رانا تنویر حسین، احد خان چیمہ، محمد اورنگزیب، وزیراعظم کے معاون خصوصی ہارون اختر اور دیگر اعلیٰ حکام شریک ہوئے، شرکا نے وزیر اعظم کو پالیسی کے مختلف پہلوؤں اور اس پر عملدرآمد کے لائحہ عمل سے بھی آگاہ کیا۔

بتایا گیا ہے کہ اجلاس میں الیکٹرک وہیکلز پالیسی 2025ء کے مسودے کا جائزہ لیتے ہوئے اس پر مشاورت کی گئی، اس موقع پر وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ الیکٹرک موٹر سائیکل، سکوٹیز، تھری ویلرز، کاریں اور بسوں جیسے جدید سفری ذرائع کو تیزی سے فروغ دینے کے لیے ٹھوس اقدامات کیے جائیں، مستقبل کے ماحول دوست اور پائیدار ٹرانسپورٹ نظام کے لیے الیکٹرک وہیکلز کی توسیع ناگزیر ہے، ملک بھر میں چارجنگ اسٹیشنز اور بیٹری سواپنگ پوائنٹس کے قیام کو یقینی بنایا جائے تاکہ شہریوں کو جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ سہولیات باآسانی میسر آئیں۔

(جاری ہے)

اجلاس میں وزیر اعظم نے صنعتی شعبے کی استعداد بڑھانے پر بھی زور دیا تاکہ ملک میں ٹو ویلرز اور تھری ویلرز کی مقامی پیداوار کو فروغ ملے، انہوں نے واضح کیا کہ جدید سفری ذرائع کو فروغ دینے کے لیے الیکٹرک گاڑیوں کی پالیسی بنانے سمیت دیگر اقدامات کیے جائیں، الیکٹرک ویکلز پالیسی تمام سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے جلد مکمل کی جائے اور اسے کابینہ کے سامنے منظوری کے لیے پیش کیا جائے تاکہ اس پر جلد از جلد عمل درآمد شروع ہو سکے۔