Live Updates

اردن کے شمالی شہر اربد میں ’دھماکا خیز شے‘ گرنے سے 2 شہری زخمی ہوگئے

ہفتہ 14 جون 2025 22:34

عمان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 جون2025ء)اردن کے سرکاری میڈیا نے اطلاع دی ہے کہ اردن کے شمالی شہر اربد میں ایک دھماکا خیز شے گرنے سے دو شہری زخمی ہو گئے، جو بظاہر ایران اور اسرائیل کے درمیان جاری حملوں کے بعد اردن میں پہلی بار جانی نقصان کا واقعہ ہے۔سی این این کی رپورٹ کے مطابق اردن کے سرکاری نشریاتی ادارے المملکہ ٹی وی کی جانب سے نشر کی گئی فوٹیج میں دکھایا گیا کہ واقعے میں متاثرہ عمارت کو حکام نے گھیرے میں لے لیا ہے۔

(جاری ہے)

اردنی افواج نے جمعہ کے روز کہا تھا کہ وہ کسی بھی صورت میں ملک کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی اجازت نہیں دے گی۔افواج کے بیان کے مطابق اردنی فضائیہ کے طیاروں اور فضائی دفاعی نظام نے جمعہ کے دن اردن کی فضائی حدود میں داخل ہونے والے کئی میزائل اور ڈرون مار گرائے،اسرائیل، جو اردن کے ساتھ ایک طویل سرحد رکھتا ہے نے ایران پر بے مثال حملے کیے، جن کا ہدف ایران کا ایٹمی پروگرام اور اعلیٰ فوجی قیادت تھی، اس کے بعد ایران نے اسرائیل پر متعدد جوابی حملے کیے ہیں۔اردن نے اسرائیل کے ابتدائی حملے کے بعد عارضی طور پر اپنی فضائی حدود بند کر دی تھی تاہم اردن کے سول ایوی ایشن ریگولیٹری کمیشن نے سی این این کو بتایا کہ ہفتے کی صبح پروازیں دوبارہ بحال کر دی گئیں۔
Live ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات