Live Updates

قیمتی پتھروں کی کامیاب نمائش میں پاکستان کی قیمتی پتھروں اور زیورات کی صنعت جگمگا اٹھی

حکومت اس سلسلے میں انفراسٹرکچر کی بہتری، ضوابط میں اصلاحات اور بین الاقوامی منڈیوں تک رسائی کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے، ریاض حسین شاہ

ہفتہ 14 جون 2025 22:48

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 جون2025ء) پاکستان جیمز اینڈ جیولری ڈیولپمنٹ کمپنی نے وزارتِ صنعت و پیداوار کے زیرِ اہتمام پرل کانٹینینٹل ہوٹل میں دو روزہ ’’کراچی جیمز اینڈ جیولری ایگزیبیشن‘‘منعقد کی۔ اس رنگارنگ تقریب نے مقامی و بین الاقوامی خریداروں، سفارتکاروں، سرکاری حکام اور صنعت کے اہم اسٹیک ہولڈرز کی بھرپور توجہ حاصل کی اور پاکستان کے قدرتی وسائل، ہنر مند کاریگروں اور قیمتی پتھروں و زیورات کی برآمدی صلاحیت کو اجاگر کرنے کے لیے ایک متحرک پلیٹ فارم فراہم کیا۔

سندھ کے صوبائی وزیر سید ریاض حسین شاہ شیرازی نے بطور مہمانِ خصوصی نمائش کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے وزیرِاعظم کی قیادت میں حکومت کے صنعتی ترقی کے وژن کو اجاگر کیا جو مثر، پائیدار اور شمولیتی ترقی پر مبنی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے برآمدی صلاحیت رکھنے والے شعبوں، خاص طور پر قیمتی پتھروں اور زیورات کے شعبے کی سرپرستی کے عزم کا اعادہ کیا اور کہا کہ حکومت اس سلسلے میں انفراسٹرکچر کی بہتری، ضوابط میں اصلاحات اور بین الاقوامی منڈیوں تک رسائی کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان قیمتی پتھروں کے ذخائر کے لحاظ سے دنیا میں پانچویں نمبر پر ہے، جن میں سے کئی پتھر منفرد نوعیت کے اور عالمی منڈی میں طلب رکھتے ہیں۔ نمائش میں کئی معروف جیولری ہائوسز اور قیمتی پتھروں کے تاجروں نے شرکت کی۔ تاجروں نے قیمتی نگینوں، معدنی نمونوں اور سونے، چاندی و قیمتی پتھروں سے مزین نفیس زیورات کی نمائش کی۔

یہ نمائش کاروباری روابط کے فروغ اور قلیل و طویل مدتی تجارتی شراکت داریوں کے مواقع فراہم کرنے کیلئے سازگار ثابت ہوگی۔اس موقع پر صوبائی وزیر ریاض حسین شاہ شیرازی نے اسٹیک ہولڈرز پر زور دیا کہ وہ PGJDC کے ساتھ قریبی تعاون کریں تاکہ جدت، پائیداری، اور عالمی مسابقت پر مبنی عملی حکمتِ عملی تیار کی جا سکے۔ نمائش میں مینوفیکچررز، برآمدکنندگان، سفارتکاروں اور تجارتی اداروں نے شرکت کی اور شعبے کو درپیش چیلنجز و مواقع پر تبادلہ خیال کیا۔ شرکا نے کاروباری ترقی میں اس پلیٹ فارم کے کردار پر اعتماد کا اظہار کیا اور کہا کہ اس طرح کی تقریبات سرمایہ کاری کے فروغ اور عالمی منڈی میں پاکستان کے تشخص کو بہتر بنانے کے لیے ناگزیر ہیں۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات