Live Updates

جے یو آئی کی ایران پر اسرائیلی جارحیت کی مذمت ،عالمی قوانین کی صریح خلاف ورزی ،خطے کے امن کیلئے خطرہ قرار دے دیا

ہفتہ 14 جون 2025 20:50

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 جون2025ء) جمعیت علماء اسلام ضلع کوئٹہ کے امیر شیخ الحدیث مولانا حافظ حسین احمد شرودی حاجی عبدالصادق نورزئی مولانا شاہ محمد سید حاجی عبدالواحد آغا مولانا محمد ساسولی مولانا محمد ہاشم خیشکی مولانا حفیظ اللہ ضلعی سیکرٹری اطلاعات مولانا محمد طاہر توحیدی معاون سیکرٹری اطلاعات مولانا مفتی نیک محمد فاروقی رحیم الدین ایڈووکیٹ نعمت افغان چوہدری محمد عاطف مولانا ضیاء الرحمن فاروقی اللہ دوست ایڈوکیٹ ٹکری محمد لانگو و دیگر نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ جمعیت علماء اسلام سرائیل کی ایران پر حالیہ جارحیت کی شدید الفاظ میں مذمت کرتی ہے اور اسے عالمی قوانین کی صریح خلاف ورزی اور خطے کے امن کے لیے سنگین خطرہ قرار دیتی ہے۔

یہ حملہ نہ صرف ایران کی خودمختاری پر حملہ ہے بلکہ مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کو مزید ہوا دینے کی سوچی سمجھی سازش ہے انہوں نے کہا کہ ہم ایرانی قیادت اور عوام کو اسرائیلی جاری جارحیت کے خلاف جرات مندانہ اور دانشمندانہ جوابی کارروائی پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

ایران کا یہ اقدام اپنی خودمختاری کے دفاع اور غاصب صہیونی ریاست کی توسیع پسندانہ عزائم کے خلاف ایک مضبوط پیغام ہے انہوں نے کہا کہ اسرائیل کو جس طرح عالمی کفر کی مکمل پشت پناہی حاصل ہے، اسی طرح یہ وقت کی اشد ضرورت ہے کہ پورا عالم اسلام اسرائیل کے خلاف سیسہ پلائی دیوار بن جائے۔

بیت المقدس اور فلسطین کی آزادی کا مسئلہ صرف فلسطینیوں کا نہیں بلکہ پوری امت مسلمہ کا مشترکہ مسئلہ ہے۔ قبلہ اول کی بے حرمتی اور نہتے فلسطینیوں پر جاری مظالم پر عالم اسلام کی خاموشی کسی صورت قابل قبول نہیں انہوں نے کہا جمیعت علمائ اسلام تمام اسلامی ممالک اور رہنماؤں سے پرزور اپیل کرتی ہے کہ وہ اپنے اختلافات بھلا کر متحد ہوں اور اسرائیل کے ناپاک عزائم کو ناکام بنانے کے لیے مشترکہ حکمت عملی اپنائیں۔

ہمیں ہر فورم پر فلسطینیوں کی حمایت کرنی چاہیے اور اسرائیل پر دباؤ ڈالنا چاہیے کہ وہ اپنی جارحانہ پالیسیاں ترک کرے انہوں نے کہا کہ وقت آ گیا ہے کہ عالم اسلام عملی اقدامات اٹھائے اور مظلوم فلسطینیوں کی نصرت کے لیے میدان عمل میں آئے۔ امت مسلمہ کا اتحاد ہی اسرائیل اور اس کے حامیوں کو لگام دے سکتا ہے اور خطے میں پائیدار امن قائم کر سکتا ہے انہوں نے مزید کہا کہ جمیعت علماء اسلام اس عزم کا اعادہ کرتی ہے کہ وہ ہمیشہ مظلوموں کے ساتھ کھڑی رہے گی اور بیت المقدس کی آزادی تک اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔
Live ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات