عظمی بخاری کا خیبرپختوانخواہ ،سندھ میں سیلاب و بارشوں سے جانی و مالی نقصانات پر اظہار افسوس

بدھ 20 اگست 2025 17:58

عظمی بخاری کا خیبرپختوانخواہ ،سندھ میں سیلاب و بارشوں سے جانی و مالی ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اگست2025ء)وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمی بخاری نے خیبرپختونخوا ہ اور سندھ میں حالیہ بارشوں اور سیلابی صورتحال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا ہ میں بارشوں کے نتیجے میں جانی و مالی نقصان اور کراچی میں نظامِ زندگی کے مفلوج ہونے پر پنجاب حکومت کو شدید تشویش ہے۔

عظمی بخاری نے کہا کہ پنجاب، بطور بڑا بھائی، مشکل کی اس گھڑی میں اپنے دونوں بھائیوں خیبرپختونخوا ہ اور سندھ کے عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔ وزیراعلی پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر صوبہ پنجاب ہر ممکن تعاون کے لیے تیار ہے۔انہوں نے بتایا کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے خیبرپختونخوا ہ کے وزیر اعلی علی امین گنڈاپور سے بذاتِ خود رابطہ کیا اور ہر ممکن تعاون کی پیشکش کی۔

(جاری ہے)

یہ جذبہ اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ مریم نواز صرف پنجاب ہی نہیں، بلکہ پوری قوم کی قیادت کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ اگر خیبرپختونخوا ہ یا سندھ حکومت کو کسی بھی قسم کی مدد یا معاونت درکار ہو تو پنجاب حکومت ہر سطح پر امداد کے لیے تیار ہے۔پنجاب کا دل بڑا ہے اور ہمارا عزم ہے کہ ہم قومی یکجہتی اور بھائی چارے کو ہر حال میں مضبوط بنائیں گے۔وزیر اطلاعات پنجاب نے مزید کہا کہ مریم نواز پاکستان کے سب سے بڑے قومی لیڈر کی بیٹی ہونے کے ناطے، پوری قوم کو اپنا سمجھتی ہیں اور ہر مشکل میں سب کے ساتھ کھڑی ہوتی ہیں۔