وفاقی حکومت اور پاک فوج مشکل گھڑی میں سیلاب متاثرین کے ساتھ ہرممکن تعاون کے لئے پرعزم ہیں، وزیراعظم شہباز شریف کی آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے ہمراہ سیلاب سے متاثرہ اضلاع کے دورہ کے موقع پر گفتگو

بدھ 20 اگست 2025 18:06

وفاقی حکومت اور پاک فوج مشکل گھڑی میں سیلاب متاثرین کے ساتھ ہرممکن ..
بونیر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اگست2025ء) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت اور پاک فوج مشکل گھڑی میں سیلاب متاثرین کے ساتھ ہرممکن تعاون کے لئے پرعزم ہیں، متاثرہ علاقوں میں بحالی کے عمل کو تیز کرنے اور معمولات زندگی بحال کرنے کے لئے تمام تر قومی وسائل کو بروئے کار لایا جائے گا۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف نے وفاقی وزرا اور آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے ہمراہ سیلاب سے متاثرہ اضلاع سوات، بونیر، شانگلہ اور صوابی کا دورہ کیا۔

وزیراعظم اور آرمی چیف کو خیبر پختونخوا میں جاری امدادی اور بحالی کے کاموں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم کی آمد پر آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ان کا استقبال کیا۔

(جاری ہے)

سیلاب متاثرین سے ملاقات کے دوران وزیراعظم نے انہیں یقین دلایا کہ وفاقی حکومت اور پاک فوج اس مشکل گھڑی میں ان کے ساتھ ہرممکن تعاون کے لئے پرعزم ہیں۔

وزیراعظم نے مسلح افواج اور سول انتظامیہ کی انتھک لگن کی تعریف کرتے ہوئے سیلاب سے متاثرہ افراد کے ساتھ یکجہتی کا اعادہ کیا اور انہیں ہرممکن امداد کی یقین دہانی کرائی۔ وزیراعظم نے کہا کہ متاثرہ علاقوں میں بحالی کے عمل کو تیز کرنے اور معمولات زندگی بحال کرنے کے لئے قومی وسائل کو بروئے کار لایا جائے گا۔ وزیراعظم نے غیر قانونی تجاوزات، لکڑی مافیا اور بالخصوص آبی گزرگاہوں میں کان کنی؍کرشنگ سرگرمیوں کی طرف توجہ دلائی جو جانی و مالی نقصانات کا بڑا سبب بنتی ہیں۔

انہوں نے ہدایت کی کہ ملک میں قوانین پر سختی سے عمل ہونا چاہیے جہاں کوئی قانون سے بالاتر نہ ہو اور نادہندگان کے خلاف بلاامتیاز ضروری اقدامات اٹھائے جائیں۔ آرمی چیف نے امدادی سرگرمیوں میں مصروف پاک فوج کے جوانوں اور پولیس و سول انتظامیہ کے اہلکاروں سے بات چیت کی اور سیلاب اور شدید بارشوں کے متاثرین کی مدد کے لئے ان کی بے لوث لگن کو سراہا۔

آرمی چیف نے ہدایت کی کہ وہ اس ذمہ داری کو انتہائی ایمانداری سے نبھائیں اور سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کی مشکلات کم کرنے میں کوئی کسر نہ چھوڑیں۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کی حفاظت اور امداد اولین ترجیح ہونی چاہئے ۔ انہوں نے اور فورسز اور سول انتظامیہ کی انتھک خدمات کی تعریف کی۔ قبل ازیں قدرتی آفت میں جاں بحق ہونے والوں کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔ \932