خیبرپختونخواہ حکومت کی طرف سے سیلاب متاثرین کیلئے مزید 2 ارب روپے جاری

بدھ 20 اگست 2025 18:44

خیبرپختونخواہ حکومت کی طرف سے سیلاب متاثرین کیلئے مزید 2 ارب روپے جاری
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 اگست2025ء) خیبر پختونخواہ حکومت نے سیلاب متاثرین کیلئے مزید دو ارب روپے جاری کر دیئے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخواہ علی امین گنڈاپور کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا اجلاس ہوا جہاں کابینہ کو سیلاب سے ہونے والے نقصانات، ریلیف اور بحالی کی سرگرمیوں پر بریفنگ دی گئی، اس موقع پر وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے بتایا کہ لاپتہ افراد کی تلاش جاری ہے، متاثرہ علاقوں کیلئے 3 ارب کے علاوہ مزید 2 ارب روپے جاری کر دیئے ہیں، تمام سیلاب متاثرین کو معاوضہ ملے گا، کوئی بھی محروم نہیں رہے گا۔

اس موقع پر انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ متاثرہ علاقوں میں مراکز صحت کو فوری طور پر فعال کرکے موبائل ہسپتالوں کی دستیابی یقینی بنائی جائے، اس کے علاوہ مکمل صفائی کیلئے خصوصی مہم شروع کی جائے، ٹیوب ویلز کو جلد بحال اور رابطہ سڑکوں کی بحالی کا کام بھی تیز کیا جائے۔

(جاری ہے)

قبل ازیں وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ علی امین گنڈاپور نے سیلاب سے سب سے زیادہ متاثرہ علاقے بونیر کا دورہ کیا جہاں انہوں نے سیلاب میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین کے لیے 20، 20 لاکھ روپے کا اعلان کیا، وزیراعلیٰ خیبر پختونخواہ متاثرہ ضلع بونیر پہنچے تو پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر اور ایم این اے شیر افضل مروت بھی ان کے ہمراہ تھے۔

بتایا گیا کہ وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے سیلاب سے ہونے والی نقصانات اور امدادی کاروائیوں کا جائزہ لیا، متعلقہ ڈویڑنل اور ضلعی انتظامیہ کی طرف سے وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ کو جانی و مالی نقصانات اور ریلیف سرگرمیوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی، اس موقع پر علی امین گنڈاپور نے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور متاثرہ خاندانوں سے ملاقات بھی کی، اس موقع پر متعلقہ اراکین صوبائی کابینہ، چیف سیکرٹری خیبر پختونخواہ اور دیگر متعلقہ حکام بھی وہاں موجود تھے۔